تفہیم القرآن
Tafheem-ul-Quran · 35. Faatir · Ayah 39
هُوَ الَّذِیْ جَعَلَكُمْ خَلٰٓئِفَ فِی الْاَرْضِ١ؕ فَمَنْ كَفَرَ فَعَلَیْهِ كُفْرُهٗ١ؕ وَ لَا یَزِیْدُ الْكٰفِرِیْنَ كُفْرُهُمْ عِنْدَ رَبِّهِمْ اِلَّا مَقْتًا١ۚ وَ لَا یَزِیْدُ الْكٰفِرِیْنَ كُفْرُهُمْ اِلَّا خَسَارًا﴿39﴾
- هُوَوہی
- الَّذِيْجس نے
- جَعَلَكُمْتمہیں بنایا
- خَلٰٓئِفَجانشین
- فِي الْاَرْضِ ۭزمین میں
- فَمَنْ كَفَرَسو جس نے کفر کیا
- فَعَلَيْهِتو اسی پر
- كُفْرُهٗ ۭاس کا کفر
- وَلَا يَزِيْدُاور نہیں بڑھاتا
- الْكٰفِرِيْنَکافر (جمع)
- كُفْرُهُمْان کا کفر
- عِنْدَنزدیک
- رَبِّهِمْان کا رب
- اِلَّاسوائے
- مَقْتًا ۚناراضی (غضب)
- وَلَا يَزِيْدُاور نہیں بڑھاتا
- الْكٰفِرِيْنَکافر (جمع)
- كُفْرُهُمْان کا کفر
- اِلَّاسوائے
- خَسَارًاخسارہ
سورة فَاطِر 64
اس کے دو مطلب ہو سکتے ہیں ایک یہ کہ اس نے پچھلی نسلوں اور قوموں کے گزر جانے کے بعد اب تم کو ان کی جگہ اپنی زمین میں بسایا ہے۔ اور دوسرا یہ کہ اس نے تمہیں زمین میں تصرف کے جو اختیارات دیے ہیں وہ اس حیثیت سے نہیں ہیں کہ تم ان چیزوں کے مالک ہو، بلکہ اس حیثیت سے ہیں کہ تم اصل مالک کے خلیفہ ہو۔
سورة فَاطِر 65
اگر پہلے فقرے کا یہ مطلب لیا جائے کہ تم کو پچھلی قوموں کا جانشین بنایا ہے تو اس فقرے کے معنی یہ ہوں گے کہ جس نے گزشتہ قوموں کے انجام سے کوئی سبق نہ لیا اور وہی کفر کا رویہ اختیار کیا جس کی بدولت وہ قومیں تباہ ہوچکی ہیں، وہ اپنی اس حماقت کا نتیجہ بد دیکھ کر رہے گا۔ اور اگر اس فقرے کا مطلب یہ لیا جائے کہ اللہ تعالیٰ نے تم کو اپنے خلیفہ کی حیثیت سے زمین میں اختیارات عطا کیے ہیں تو اس فقرے کے معنی یہ ہوں گے کہ جو اپنی حیثیت خلافت کو بھول کر خود مختار بن بیٹھا یا جس نے اصل مالک کو چھوڑ کر کسی اور کی بندگی اختیار کرلی وہ اپنی اس باغیانہ روش کا برا انجام دیکھ لے گا۔