تفہیم القرآن
Tafheem-ul-Quran · 3. Aal-i-Imraan · Ayah 118
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَتَّخِذُوْا بِطَانَةً مِّنْ دُوْنِكُمْ لَا یَاْلُوْنَكُمْ خَبَالًا١ؕ وَدُّوْا مَا عَنِتُّمْ١ۚ قَدْ بَدَتِ الْبَغْضَآءُ مِنْ اَفْوَاهِهِمْ١ۖۚ وَ مَا تُخْفِیْ صُدُوْرُهُمْ اَكْبَرُ١ؕ قَدْ بَیَّنَّا لَكُمُ الْاٰیٰتِ اِنْ كُنْتُمْ تَعْقِلُوْنَ﴿118﴾
- يٰٓاَيُّھَااے
- الَّذِيْنَ اٰمَنُوْاجو ایمان لائے (ایمان والو)
- لَا تَتَّخِذُوْانہ بناؤ
- بِطَانَةًدوست (رازدار)
- مِّنْسے
- دُوْنِكُمْسوائے۔ اپنے
- لَا يَاْلُوْنَكُمْوہ کمی نہیں کرتے
- خَبَالًاخرابی
- وَدُّوْاوہ چاہتے ہیں
- مَاکہ
- عَنِتُّمْتم تکلیف پاؤ
- قَدْ بَدَتِالبتہ ظاہر ہوچکی
- الْبَغْضَآءُدشمنی
- مِنْسے
- اَفْوَاهِھِمْان کے منہ
- وَمَااور جو
- تُخْفِيْچھپا ہوا
- صُدُوْرُھُمْان کے سینے
- اَكْبَرُبڑا
- قَدْ بَيَّنَّاہم نے کھول کر بیان کردیا
- لَكُمُتمہارے لیے
- الْاٰيٰتِآیات
- اِنْاگر
- كُنْتُمْتم ہو
- تَعْقِلُوْنَعقل رکھتے
سورة اٰلِ عِمْرٰن 92
مدینہ کے اطراف میں جو یہودی آباد تھے ان کے ساتھ اوس اور خزرج کے لوگوں کی قدیم زمانہ سے دوستی چلی آتی تھی۔ انفرادی طور پر بھی ان قبیلوں کے افراد ان کے افراد سے دوستانہ تعلقات رکھتے تھے اور قبائلی حیثیت سے بھی یہ اور وہ ایک دوسرے کے ہمسایہ اور حلیف تھے۔ جب اوس اور خزرج کے قبیلے مسلمان ہوگئے تو اس کے بعد بھی وہ یہودیوں کے ساتھ وہی پرانے تعلقات نباہتے رہے اور ان کے افراد اپنے سابق یہودی دوستوں سے اسی محبت و خلوص کے ساتھ ملتے رہے۔ لیکن یہودیوں کو نبی عربی ﷺ اور آپ کے مشن سے جو عداوت ہوگئی تھی اس کی بنا پر وہ کسی ایسے شخص سے مخلصانہ محبت رکھنے کے لئے تیار نہ تھے جو اس نئی تحریک میں شامل ہوگیا ہو۔ انہوں نے انصار کے ساتھ ظاہر میں تو وہی تعلقات رکھے جو پہلے سے چلے آتے تھے، مگر دل میں وہ اب ان کے سخت دشمن ہوچکے تھے اور اس ظاہری دوستی سے ناجائز فائدہ اٹھا کر ہر وقت اس کوشش میں لگے رہتے تھے کہ کسی طرح مسلمانوں کی جماعت میں اندرونی فتنہ و فساد برپا کردیں اور ان کے جماعتی راز معلوم کرکے ان کے دشمنوں تک پہنچائیں۔ اللہ تعالیٰ یہاں ان کی اسی منافقانہ روش سے مسلمانوں کو محتاط رہنے کی ہدایت فرما رہا ہے۔