تدبرِ قرآن
Tadabbur-e-Quran · 8. Al-Anfaal · Ayah 36
اِنَّ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا یُنْفِقُوْنَ اَمْوَالَهُمْ لِیَصُدُّوْا عَنْ سَبِیْلِ اللّٰهِ١ؕ فَسَیُنْفِقُوْنَهَا ثُمَّ تَكُوْنُ عَلَیْهِمْ حَسْرَةً ثُمَّ یُغْلَبُوْنَ١ؕ۬ وَ الَّذِیْنَ كَفَرُوْۤا اِلٰى جَهَنَّمَ یُحْشَرُوْنَۙ﴿36﴾
- اِنَّبیشک
- الَّذِيْنَجن لوگوں نے
- كَفَرُوْاکفر کیا (کافر)
- يُنْفِقُوْنَخرچ کرتے ہیں
- اَمْوَالَهُمْاپنے مال
- لِيَصُدُّوْاتاکہ روکیں
- عَنْسے
- سَبِيْلِ اللّٰهِراستہ اللہ کا
- فَسَيُنْفِقُوْنَهَاسو اب خرچ کریں گے
- ثُمَّپھر
- تَكُوْنُہوگا
- عَلَيْهِمْان پر
- حَسْرَةًحسرت
- ثُمَّپھر
- يُغْلَبُوْنَوہ مغلوب ہونگے
- وَالَّذِيْنَاور جن لوگوں نے
- كَفَرُوْٓاکفر کیا (کافر)
- اِلٰىطرف
- جَهَنَّمَجہنم
- يُحْشَرُوْنَاکٹھے کیے جائیں گے
اِنَّ الَّذِيْنَ كَفَرُوْا يُنْفِقُوْنَ الایہ، اب یہ بات واضح کی جا رہی ہے کہ اس وقت قریش کے لیڈروں میں اسلام کے مٹانے کے لیے جو جوش و خروش ہے اور اس جوش میں وہ بڑی فیاضی سے جو اپنی دولت لٹا رہے ہیں، یہ چیز بھی اس فرقانِ حق کے نمایاں ہونے میں مانع نہ ہوسکے گی جس کا اہل ایمان سے وعدہ کیا جا رہا ہے۔ اس وضاحت کی ضرورت اس لیے تھی کہ فی الواقع قریش کے لیڈروں نے بدر کے موقع پر بڑی دریا دلی دکھائی تھی، جنگ کا سامان اور فوج کی رسد فراہم کرنے میں ہر سردار نے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کی، کمزور قسم کے مسلمانوں پر یہ چیز بھی اثر انداز ہوئی کہ قریش کے پاس تعداد اور سامانِ جنگ کی کثرت بھی ہے، مال کی بہتات بھی ہے اور خرچ کرنے کے لیے جوش و خروش بھی ہے، بھلا ایسے لوگوں سے تھوڑے سے بےسروسامان مسلمان کیا مقابلہ کرسکیں گے ؟ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ راہ حق سے روکنے کے لیے یہ زرپاشیاں جو ہو رہی ہیں ان سے مرعوب نہ ہو۔
ان خزف ریزوں اور تنکوں سے اس سیلاب کے مقابل میں بند نہیں باندھا جاسکے گا جو آرہا ہے۔ بیشک انہوں نے بڑی فیاضی سے جو خرچ کیا ہے اور ابھی اور بھی یہ خرچ کریں گے لیکن ان تمام زر پاشیوں کا حاصل کف افسوس ملنے کے سوا اور کچھ نہ نکلے گا یہ بہت جلد منہ کی کھائیں گے۔ دنیا میں ان کے لیے شکست مقدر ہوچکی ہے اور آخرت میں یہ جہنم کی طرف ہانک کے لیے جائے جائیں گے۔
یحشرون کے ساتھ الی کے صلہ نے اس کے اندر ہانک کرلے جائے جانے کا مفہوم پیدا کردیا ہے۔ ترجمہ میں ہم نے اس کا لحاظ رکھا ہے۔