Tadabbur-e-Quran - Al-Waaqia : 49
قُلْ اِنَّ الْاَوَّلِیْنَ وَ الْاٰخِرِیْنَۙ
قُلْ اِنَّ الْاَوَّلِيْنَ : کہہ دیجیے بیشک پہلے وَالْاٰخِرِيْنَ : اور پچھلے
کہہ دو ! اگلے اور پچھلے
(قل ان الاولین والاخرین لمجموعون الی میقات یوم معلوم) (49، 50)۔ (قریش کو تنبیہ)۔ (اصحب الشمال) کے جرائم بیان کرتے ہوئے یہ آنحضرت ﷺ کی زبان سے قریش کو جواب دلوایا کہ یہی استیعاد آج تم میری تذکیر آخرت کے جواب میں پیش کرتے ہو تو اچھی طرح کان کھول کر سن لو کہ جتنے بھی اگلے اور پچھلے ہیں سب ایک معین دن کی مقررہ میقات تک جمع کیے جاتے رہیں گے اور جب وہ میقات آجائے گی تو وہ جزاء و سزا کے لیے اٹھائے جائیں گے۔ مطلب یہ ہے کہ جو لوگ مر جاتے ہیں یہ نہ سمجھو کہ جس طرح تمہارے اندر سے وہ ختم ہوگئے اسی طرح اللہ تعالیٰ کے ہاں سے بھی وہ ختم ہوگئے۔ وہ سب اللہ تعالیٰ کے ذخیرہ میں جمع کیے جا رہے ہیں اور جب جزاء و سزا کا یوم مرعود آجائے گا تو وہ سب اٹھائے جائیں گے۔ خواہ وہ اگلے ہوں یا پچھلے۔ (لمجموعون) کے بعد الی اسی طرح استعمال ہوا ہے جس طرح دوسری جگہ فرمایا ہے (کتب علی نفسہ الرحمۃ لیجمعنکم الی یوم القیمۃ) (الانعام : 6، 21) (اللہ نے اپنے اوپر رحمت واجب کر رکھی ہے وہ تم کو روز قیامت تک لازماً جمع کرتا رہے گا۔)
Top