تدبرِ قرآن
Tadabbur-e-Quran · 29. Al-Ankaboot · Ayah 67
اَوَ لَمْ یَرَوْا اَنَّا جَعَلْنَا حَرَمًا اٰمِنًا وَّ یُتَخَطَّفُ النَّاسُ مِنْ حَوْلِهِمْ١ؕ اَفَبِالْبَاطِلِ یُؤْمِنُوْنَ وَ بِنِعْمَةِ اللّٰهِ یَكْفُرُوْنَ﴿67﴾
- اَوَکیا
- لَمْ يَرَوْاانہوں نے نہیں دیکھا
- اَنَّا جَعَلْنَاکہ ہم نے بنایا
- حَرَمًاحرم (سرزمین مکہ)
- اٰمِنًاامن کی جگہ
- وَّجبکہ
- يُتَخَطَّفُاچک لیے جاتے ہیں
- النَّاسُلوگ
- مِنْسے (کے)
- حَوْلِهِمْ ۭاس کے ارد گرد
- اَفَبِالْبَاطِلِکیا پس باطل پر
- يُؤْمِنُوْنَایمان لاتے ہیں
- وَبِنِعْمَةِ اللّٰهِاور اللہ کی نعمت کی
- يَكْفُرُوْنَناشکری کرتے ہیں
اولم یروا انا جعلنا حرما امنا یتخطف الناس من ھولھم ط افبالباطل یومنون وبنعمۃ اللہ یکفرون (67)
فرمایا کہ بالکل یہی حال قریش کے ان ناشکروں کا ہے۔ یہ اپنی تاریخ کی اس حقیقت پر غور نہیں کرتے کہ ہم نے ان کے لئے ایک مامون حرم بنایا جس میں یہ چین کی زندگی بسر کررہے ہیں درآنحالیکہ ان کے گردوپیش کا حال یہ ہے کہ لوگ دن دہاڑے اچک لیے جاتے ہیں، نہ کسی کی جان کے لئے امان ہے نہ کسی کا مال محفوظ ہے، لیکن اللہ تعالیٰ کی اس عظیم نعمت کی قدر انہوں نے یہ کی ہے کہ اس کے بنائے ہوئے حرم کے کونے کونے میں انہوں نے بتوں کو لا بٹھایا ہے اور ان کی پوجا کر رہے ہیں۔ ان بدبختوں سے پوچھو کہ کیا وہ باطل پر ایمان رکھتے ہیں اور اللہ کی نعمت کی ناشکری کرتے ہیں۔
غور کیجئے تو معلوم ہوگا کہ اوپر کشی کی جو مثال دی ہے اس میں اور اس صورت واقعہ میں بڑی گہری مناسبت ہے۔ یہ مامون حرم قریش کے لئے ایک سفینہ نجات کے مانند تھے جس میں ہر خطرے بالکل نچنت وہ چین کے زندگی گزار رہے تھے۔ اس چین کی زندگی نے ان کو خدا سے بالکل غافل کردیا۔ حالانکہ اگر خدا چاہتا تو ان کو بھی وہ اسی بےاطمینانی میں مبتلا کرسکتا تھا جس میں ان کے گردو پیش کے لوگ مبتلا تھے لیکن انسان کا حال یہ ہے کہ جب تک کشتی سازگار ہوا سے رواں دواں رہے اس وقت تک وہ چین کی بانسری بجاتا ہے اور سمجھتا ہے کہ بازی اس کی ہے لیکن جب کسی فرفت میں آجاتا ہے تو واویلا شروع کردیتا ہے۔
اس حرم کی تولیت کی بدولت قریش کی جو رفہیت اور سارے عرب پر جو قیادت و سیادت حاصل ہوئی اس پر مفصل بحث کتاب میں جگہ جگہ ہوچکی ہے۔ سورة قصص کی آیت 57 کے تحت بھی اس پر بحث گزر چکی ہے۔