Tadabbur-e-Quran - Al-Baqara : 130
وَ مَنْ یَّرْغَبُ عَنْ مِّلَّةِ اِبْرٰهٖمَ اِلَّا مَنْ سَفِهَ نَفْسَهٗ١ؕ وَ لَقَدِ اصْطَفَیْنٰهُ فِی الدُّنْیَا١ۚ وَ اِنَّهٗ فِی الْاٰخِرَةِ لَمِنَ الصّٰلِحِیْنَ
وَمَنْ : اور کون يَرْغَبُ : منہ موڑے عَنْ مِلَّةِ : دین سے اِبْرَاهِيمَ : ابراہیم اِلَّا مَنْ : سوائے اس کے سَفِهَ : بیوقوف بنایا نَفْسَهُ : اپنے آپ کو وَ لَقَدِ : اور بیشک اصْطَفَيْنَاهُ : ہم نے اس کو چن لیا فِي الدُّنْيَا : دنیا میں وَاِنَّهُ : اور بیشک فِي الْآخِرَةِ : آخرت میں لَمِنَ : سے الصَّالِحِينَ : نیکو کار
اور کون ہے جو ملت ابراہیم سے اعراض کرسکے مگر وہی جو اپنے آپ کو حماقت میں مبتلا کرے ہم نے اس کو دنیا میں بھی برگزیدہ کیا اور آخرت میں بھی وہ صالحین کے زمرہ میں ہوگا۔
رَغِبَ کا صلہ جب عَن کے ساتھ آتا ہے تو اس کے معنی کسی چیز سے بےرغبت اور بیزار ہونے کے ہوتے ہیں۔ سَفِہَ زیادہ تر لازم آتا ہے۔ لیکن متعدی بھی آتا ہے۔ مثلا سَفِہَ نَفْسَہ کے معنی ہوں گے اس نے اپنا نصیبہ بگاڑ لیا۔ سَفِہَ رَایَہ کے معنی ہوں گے اس نے احمقانہ رائے اختیار کی۔ اسی طرح سَفِہَ نَفْسَہٗ کے معنی ہوں گے۔ اس نے اپنے آپ کو حماقت میں مبتلا کیا۔ یہ اسلوب کلام اظہار تعجب اور اظہار افسوس دونوں کا جامع ہے۔ اشارہ یہاں یہود کی طرف ہے۔ مطلب یہ ہے کہ ایک طرف تو یہ ملت ابراہیم کے پیرو ہونے کے مدعی ہیں، بلکہ اپنے زعم میں اس کے واحد اجارہ دار بنے بیٹھے ہیں، دوسری طرف ان کا یہ حال ہے کہ جو پیغمبر ملت ابراہیم کا داعی بن کر آیا ہے اس سے اور اس کی دعوت سے یہ سب سے زیادہ بیزار ہیں اور ان لوگوں کو بیوقوف قرار دے رہے ہیں جو اس دعوت کا ساتھ دے رہے ہیں۔ حماقت اور خرد باختگی کی اس سے بڑھ کر مثال اور کیا ہوسکتی ہے ؟۔ وَلَقَدِ اصْطَفَيْنٰهُ فِي الدُّنْيَا (اور ہم نے دنیا میں اس کو برگزیدہ ٹھہرایا)۔ یہ اس برگزیدگی کی طرف اشارہ ہے جو ان کو دنیا کی قوموں کی سرداری و پیشوائی کے لیے اللہ تعالیٰ نے بخشی اور جس کا ذکر اوپر آیت 124 میں گزر چکا ہے۔ مطلب یہ ہے کہ جس کو اللہ نے سب کی امامت کے لیے منتخب فرمایا، احمق ہی ہوگا جو اس کی ملت کی پیروی سے اعرض اختیار کرے گا۔ صالحین کا لفظ قرآن مجید میں عام نیکو کاروں کے لیے بھی استعمال ہوا ہے اور اس پورے زمرے کے لیے بھی استعمال ہوا ہے، جو انبیاء صدیقین اور شہداء اور صالحین سب پر مشتمل ہے۔ اس آیت میں یہ لفظ اسی دوسرے معنی میں استعمال ہوا ہے۔
Top