Siraj-ul-Bayan - Al-An'aam : 73
وَ هُوَ الَّذِیْ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ بِالْحَقِّ١ؕ وَ یَوْمَ یَقُوْلُ كُنْ فَیَكُوْنُ١ؕ۬ قَوْلُهُ الْحَقُّ١ؕ وَ لَهُ الْمُلْكُ یَوْمَ یُنْفَخُ فِی الصُّوْرِ١ؕ عٰلِمُ الْغَیْبِ وَ الشَّهَادَةِ١ؕ وَ هُوَ الْحَكِیْمُ الْخَبِیْرُ
وَ : اور هُوَ : وہی الَّذِيْ : وہ جو جس خَلَقَ : پیدا کیا السَّمٰوٰتِ : آسمان (جمع) وَالْاَرْضَ : اور زمین بِالْحَقِّ : ٹھیک طور پر وَيَوْمَ : اور جس دن يَقُوْلُ : کہے گا وہ كُنْ : ہوجا فَيَكُوْنُ : تو وہ ہوجائے گا قَوْلُهُ : اس کی بات الْحَقُّ : سچی وَلَهُ : اور اس کا الْمُلْكُ : ملک يَوْمَ : جس دن يُنْفَخُ : پھونکا جائے گا فِي الصُّوْرِ : صور عٰلِمُ : جاننے والا الْغَيْبِ : غیب وَالشَّهَادَةِ : اور ظاہر وَهُوَ : اور وہی الْحَكِيْمُ : حکمت والا الْخَبِيْرُ : خبر رکھنے والا
اور وہی ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو ٹھیک طور سے بنایا ، اور جس دن وہ (قیامت کو) کہے گا ، کہ ہوجا ، وہ ہوجائے گی (ف 1) ۔ اس کی بات سچی ہے اور اس کی سلطنت ہوگی جس دن صور پھونکا جائے گا (ف 1) ۔ اور وہ کھلی اور چھپی بات جانتا ہے اور وہ تدبیر والا خبردار ہے ۔
1) اسلامی تخیل اللہ تعالیٰ کے باب میں یہ ہے کہ وہ ہر چیز پر قادر ہے ، اسے اسباب وذرائع کی قطعا حاجت نہیں ، وہ جب چاہے ، دنیا کو مجرد مشیت کے فنا کے گھاٹ اتار دے ، اسی طرح اس میں یہ بھی قدرت ہے ، کہ کائنات کو ایک لمحہ کے اندر مہیا کر دے ، اسے صرف ارادہ کرنا ہے ، اس کے بعد شئے مراد کا خلعت وجود اختیار کرلینا ضروری ہے ، اس آیت میں یہ بھی بتایا ہے کہ اللہ تعالیٰ ایک وقت لائے گا جب تمام انسانوں کو پھر سے زندہ ہونے کا حکم دے گا ۔ کن کہنے سے مقصود یہ ہے کہ اس کے ارادہ اور فعل میں کوئی تخلف نہیں ہوتا ، یوں کہہ لیجئے ، اس نے کہا اور چیز موجود ہوگئی ، ورنہ وہ لفظ کن کا محتاج نہیں ، اور لفظ کن میں پیدا کرنے کی تاثیر ہے غرض اس کی قوت کاملہ اور مطلقہ کا اظہار ہے ۔ حل لغات : استھوتہ : استھوا کے معنی سرگشتہ کرنے کے ہیں یعنی اس کا شیاطین نے سرگشتہ کردیا ہو ۔ حیران : بمعنی سرگشتہ ، پریشان ، سرسیمہ شوریدہ سر ۔ (ف 1) نفخ صور کی تفصیلی بحث گذر چکی ہے اجمالا بحث یہ ہے ، کہ : 1۔ قرآن میں مختلف ناموں سے اس تخیل کا وجود پایا جاتا ہے ، اس لئے لفظ صور کی تاویل درست نہیں ۔ 2۔ احادیث میں صراحت سے نرسنگا اور فرشتہ کا ذکر ہے ۔ اور اس میں کوئی مضائقہ اور استحالہ بھی نہیں ، ممکن ہے ، یہ محض اطلاع اور انتباہ ہو یعنی بالا استقلال فناء حیات کی تاثیر اس میں موجود نہ ہو ، بلکہ مقصود یہ ہو کہ وقت مقرر آپہنچا ہے ۔ اور یہ بھی محال نہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اس میں خاص تاثیر ودیعت کر رکھی ہو ، ہم علم الاصوات کی تمام وسعتوں سے آگاہ نہیں ، جب بھی یہ جانتے ہیں کہ آواز میں دس کی قوتیں ہو سکتی ہیں ۔
Top