Ruh-ul-Quran - Al-Waaqia : 74
فَسَبِّحْ بِاسْمِ رَبِّكَ الْعَظِیْمِ۠   ۧ
فَسَبِّحْ : پس تسبیح کیجیے بِاسْمِ : نام کی رَبِّكَ الْعَظِيْمِ : اپنے رب عظیم کے (نام کی)
پس اے نبی اپنے رب عظیم کے نام کی تسبیح کرو
فَسَبِّحْ بِاسْمِ رَبِّـکَ الْعَظِیْمِ ۔ (الواقعۃ : 74) (پس اے نبی اپنے رب عظیم کے نام کی تسبیح کرو۔ ) تسبیح سے قوت حاصل کرنے کا حکم بحث کے آخر میں نبی کریم ﷺ کو حکم دیا جارہا ہے کہ آپ مخالفین کی مخالفت اور ان کی بےہودگیوں کا اثر قبول نہ کریں۔ دلائل کی حد تک ان کے سمجھانے میں کوئی کمی نہیں رہی۔ آپ نے ہمدردی اور خیرخواہی کا آخری قطرہ تک نچوڑ ڈالا۔ اب بھی اگر یہ لوگ اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہیں آتے تو بجائے ان کے اس رویئے سے متأثر ہونے سے آپ اپنے رب کی تسبیح میں لگ جایئے۔ انھوں نے شرک کو جس طرح اپنا شعار بنا رکھا ہے اس کے نتیجے میں ان کے دلوں سے اللہ تعالیٰ کی عظمت نکل گئی ہے۔ اور وہ زبان سے کہیں یا نہ کہیں لیکن اللہ تعالیٰ کی متعدد صفات دوسری قوتوں کی طرف منسوب کرکے انھوں نے اللہ تعالیٰ کے تصور کو گہنا دیا ہے۔ آپ کا کام یہ ہے کہ آپ ایسے ہر برے تصور سے اللہ تعالیٰ کی ذات کی پاکیزگی کا اعلان کریں اور اس کی عظمت کے گن گاتے ہوئے ان کی نام نہاد عظمتوں کو تسلیم کرنے سے انکار کردیں۔
Top