Ruh-ul-Quran - Al-Waaqia : 49
قُلْ اِنَّ الْاَوَّلِیْنَ وَ الْاٰخِرِیْنَۙ
قُلْ اِنَّ الْاَوَّلِيْنَ : کہہ دیجیے بیشک پہلے وَالْاٰخِرِيْنَ : اور پچھلے
اے پیغمبر کہہ دیجیے ! بیشک اگلے اور پچھلے
قُلْ اِنَّ الْاَوَّلِیْنَ وَالْاٰخِرِیْنَ ۔ لَمَجْمُوْعُوْنَ 5 لا اِلٰی مِیْقَاتِ یَوْمٍ مَّعْلُوْمٍ ۔ (الواقعۃ : 49، 50) (اے پیغمبر کہہ دیجیے ! بیشک اگلے اور پچھلے۔ سب جمع کیے جائیں گے، ایک معین دن کی مقررہ مدت تک۔ ) قریش کو تنبیہ اصحابُ الشمال کے جرائم بیان کرنے کے بعد آنحضرت ﷺ کو حکم دیا جارہا ہے کہ آپ اپنے مخالفین سے کہئے کہ تم بھی آخرت کے عقیدے کے جواب میں اسی طرح کی فرسودہ باتیں کرتے ہو، اور بار بار یہ سوال اٹھاتے ہو کہ جب ہم بوسیدہ ہڈیوں میں تبدیل ہوچکے ہوں گے تو آخر دوبارہ ہمیں کیسے اٹھایا جائے گا۔ تمہیں خوب معلوم ہونا چاہیے کہ کہ جتنے بھی اگلے اور پچھلے ہیں سب ایک معین دن کی مقررہ میعاد تک جمع کیے جاتے رہیں گے۔ اور جب وہ میعاد آجائے گی تو جزاء و سزا کے لیے اٹھائے جائیں گے۔ یعنی تم یہ سمجھتے ہو کہ جو مرجاتے ہیں وہ ختم ہوجاتے ہیں اور آہستہ آہستہ ان کی یاد تمہارے حافظوں سے محو بھی ہوجاتی ہے۔ لیکن تمہیں یہ معلوم نہیں کہ وہ ختم نہیں ہوتے، انھیں عالم برزخ میں جمع کیا جاتا ہے۔ جہاں کہیں بھی ان کے جسم کے اجزاء موجود ہوں گے مقررہ میعاد کے آنے پر سب جمع کیے جائیں گے اور انھیں انسانی جسموں میں تبدیل کرکے بولتے ہوئے انسان بنا کر محشر میں پہنچا دیا جائے گا اور وہاں وہ اپنے اعمال کی جواب دہی کریں گے۔
Top