Al-Qurtubi - Al-Hijr : 23
وَ اِنَّا لَنَحْنُ نُحْیٖ وَ نُمِیْتُ وَ نَحْنُ الْوٰرِثُوْنَ
وَاِنَّا : اور بیشک ہم لَنَحْنُ : البتہ ہم نُحْيٖ : زندگی دیتے ہیں وَنُمِيْتُ : اور ہم مارتے ہیں وَنَحْنُ : اور ہم الْوٰرِثُوْنَ : وارث (جمع)
اور ہم ہی حیات بخشتے اور ہم ہی موت دیتے ہیں۔ اور ہم ہی سب کے وارث (مالک) ہیں۔
آیت نمبر 23 یعنی بیشک ہم ہی زمین کو اور اس پر بسنے والوں کو زندہ کرتے ہیں، اور ہمارے سوا کوئی شے باقی نہ رہے گی۔ اس کی نظیر یہ آیت ہے انا نحن نرث الارض ومن علیھا والینا یرجعون۔ (مریم) (یقیناً ہم ہی وارث ہوں گے زمین کے اور جو کچھ اس کے اوپر ہے ہماری طرف ہی سب لوٹائے جائیں گے) پس ہر شے اللہ تعالیٰ کی ملکیت ہے، لیکن اس نے اپنے بندوں کو املاک کا مالک بنایا ہے پس وہ مرجائیں گے تو ان کے دعوے ختم ہوجائیں گے، پس اس وجہ سے اللہ تعالیٰ وارث ہے۔ اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس آیت میں احیاء (زندہ کرنے) سے مراد رحموں میں نطفہ کو زندہ کرنا ہے۔ اور رہا بعث بعد الموت تو اس کا ذکر اس کے بعد کیا اس ارشاد میں : وان ربک ھو یحشرھم (الحجر :25) (اور بیشک آپ کا پروردگار ہی انہیں (روز قیامت) جمع کرے گا) ۔
Top