Mazhar-ul-Quran - Al-Hijr : 19
وَ الْاَرْضَ مَدَدْنٰهَا وَ اَلْقَیْنَا فِیْهَا رَوَاسِیَ وَ اَنْۢبَتْنَا فِیْهَا مِنْ كُلِّ شَیْءٍ مَّوْزُوْنٍ
وَالْاَرْضَ : اور زمین مَدَدْنٰهَا : ہم نے اس کو پھیلا دیا وَاَلْقَيْنَا : اور ہم نے رکھے فِيْهَا : اس میں (پر) رَوَاسِيَ : پہاڑ وَاَنْۢبَتْنَا : اور ہم نے اگائی فِيْهَا : اس میں مِنْ : سے كُلِّ شَيْءٍ : ہر شئے مَّوْزُوْنٍ : موزوں
اور ہم نے زمین کو پھیلایا اور ہم نے اس میں پہاڑوں کی (مخیں) ڈال دیں اور ہم نے اگائی ہر چیز اس میں اندازے سے
آسمان و زمین کا حال اس آیت میں زمین کے پیدا کرنے کا ذکر فرمایا کہ ہم نے زمین کو مشرق سے مغرب تک اور جنوب سے شمال تک پانی پر بچھا دیا ہے اور اس پر جابجا پہاڑوں کے بوجھ رکھ دیئے ہیں اور خوب اچھی طرح مضبوط کردیا ہے جس طرح کیلیں ٹھونک کر تخت وغیرہ مضبوط بنائے جاتے ہیں۔ اور زمین میں سے طرح طرح کی اشیاء پھل، میوے، ترکاریاں، غلے، روئی وغیرہ۔ اسی طرح پہاڑوں میں سے چاندی، سونے، لوہے وغیرہ کی کانیں۔ غرض ہر چیز نہایت موزونیت سے پیدا کی اور اس میں تمہاری روزی رکھی ہے، تم بھی کھاتے پیتے ہو، اور اپنے بال بچوں کو بھی کھلاتے پلاتے ہو، اپنے جانوروں کو بھی چراتے ہو اور جس مخلوق کو تم جانتے بھی نہیں کہ کہاں ہیں اور کیا ہیں ان کی بھی روزی خدا نے اسی زمین میں رکھی ہے۔ یہ اسی خدا کا کام ہے کہ وہ اپنی ہر ایک مخلوق کو روزی پہنچاتا ہے کوئی انسان کسی کو نہیں دے سکتا۔ محض یہ غلط خیال ہے کہ ہم اپنے اہل عیال کو دیتے ہیں، سب روزی خدا کے ہاتھ میں ہے وہی تم سے دلواتا ہے، تم کیا دے سکتے ہو۔
Top