Tafseer-e-Mazhari - As-Saff : 2
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لِمَ تَقُوْلُوْنَ مَا لَا تَفْعَلُوْنَ
يٰٓاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا : اے لوگو جو ایمان لائے ہو لِمَ تَقُوْلُوْنَ : کیوں تم کہتے ہو مَا لَا : وہ جو نہیں تَفْعَلُوْنَ : تم کرتے
مومنو! تم ایسی باتیں کیوں کہا کرتے ہو جو کیا نہیں کرتے
یایھا الذین امنوا لم تقولون ما لا تفعلون اے ایمان والو ! ایسی بات کیوں کہتے ہو جو کرتے نہیں ہو۔ “ حضرت عبداللہ بن سلام نے فرمایا : یہ آیات آخر تک رسول اللہ ﷺ نے ہم کو پڑھ کر سنائیں۔ ابن جریر نے حضرت ابن عباس ؓ کا قول بھی اسی طرح نقل کیا ہے۔ بغوی نے مفسرین کا قول نقل کیا ہے کہ (کچھ) مسلمانوں نے کہا تھا ‘ ہم کو اگر معلوم ہوجاتا کہ اللہ کو سب سے زیادہ محبوب عمل کونسا ہے تو ہم وہی کرتے اور اس کے لیے اپنی جان و مال کو قربان کردیتے۔ اس پر اللہ نے آیت : اِنَّ اللہ یُحِبُّ الَّذِیْنَ یُقٰتِلُوْنَ فِیْ سَبِیْلِہٖ صَفًّا نازل فرمائی اور غزوۂ احد میں مسلمانوں کی آزمائش کی گئی تو مسلمان پشت پھیر کر بھاگ کھڑے ہوئے۔ اس پر آیت : لِمَ تَقُوْلُوْنَ مَالَا تَفْعَلُوْنَ نازل ہوئی۔ ابن جریر نے ابو صالح کی روایت سے بیان کیا ہے کہ مسلمانوں نے کہا تھا اگر ہم کو علم ہوجاتا کہ کونسا عمل اللہ کو زیادہ پیارا اور افضل ہے تو ہم اسی کو کرتے۔ اس پر آیت : یٰٓاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا ھَلْ اَدُلُّکُمْ عَلٰی تِجَارَۃٍ..... نازل ہوئی مگر (کچھ) مسلمانوں پر جہاد شاق گزرا۔ اس پر آیت : یٰٓاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لِمَ تَقُوْلُوْنَ مَالَا تَفْعَلُوْنَ نازل ہوئی۔ ابن جریر نے بطریق علی ‘ حضرت ابن عباس ؓ کا بیان بھی اسی طرح نقل کیا ہے۔ ابن ابی حاتم نے بروایت عکرمہ حضرت ابن عباس کا قول اور ابن جریر نے ضحاک کا بیان نقل کیا ہے کہ آیت : لِمَ تَقُوْلُوْنَ مَالَا تَفْعَلُوْنَ اس شخص کے متعلق نازل ہوئی جو جہاد میں نہ تلوار کا استعمال کرتا ہے نہ برچھے کا ‘ نہ (دشمن کو) قتل کرتا ہے۔ ابن ابی حاتم نے مقاتل کا قول نقل کیا ہے کہ احد کی لڑائی میں جو لوگ پشت پھیر کر بھاگے تھے ‘ ان کے متعلق اس آیت کا نزول ہوا۔ محمد بن کعب نے کہا کہ شرکاء بدر کے ثواب کا بیان جب اللہ نے فرمایا تو صحابہ کہنے لگے : اگر آئندہ کبھی لڑائی کا موقع ملا تو ہم اپنی ساری طاقت لگا دیں گے لیکن جب احد کی لڑائی ہوئی تو یہ حضرات بھاگ کھڑے ہوئے۔ اللہ نے ان کو عار دلانے کے لیے یہ آیت نازل فرمائی۔ ابن زید کا قول ہے کہ یہ آیت منافقوں کے حق میں نازل ہوئی جو مسلمانوں کی مدد کرنے کا وعدہ کرتے تھے مگر تھے جھوٹے (وعدہ کو پورا نہیں کرتے تھے) ۔
Top