Tafseer-e-Mazhari - Al-Furqaan : 64
وَ الَّذِیْنَ یَبِیْتُوْنَ لِرَبِّهِمْ سُجَّدًا وَّ قِیَامًا
وَالَّذِيْنَ : اور جو يَبِيْتُوْنَ : رات کاٹتے ہیں لِرَبِّهِمْ : اپنے رب کے لیے سُجَّدًا : سجدے کرتے وَّقِيَامًا : اور قیام کرتے
اور جو وہ اپنے پروردگار کے آگے سجدے کرکے اور (عجز وادب سے) کھڑے رہ کر راتیں بسر کرتے ہیں
والذین یبیتون لربہم سجدا وقیاما۔ اور وہ لوگ جو رات کو اپنے رب کے سامنے سجدے کرتے اور کھڑے رہتے ہیں۔ حسن نے فرمایا ‘ یہ حالت ان کی رات کو ہوتی ہے ‘ عبادت کے لئے رات کا ذکر خصوصیت کے ساتھ اس لئے کیا کہ رات کی عبادت زیادہ دشوار ہوتی ہے ‘ ریاکاری کا بھی اس میں شائبہ نہیں ہوتا ‘ خضوع قلب اور زبان سے دل کی موافقت خوب ہوتی ہے اس کے علاوہ ایک وجہ یہ بھی ہے کہ دن دوسری قسم کی عبادتوں کے لئے مخصوص ہے (جو عام طور پر رات کو ادا نہیں کی جا سکتیں) مثلاً اللہ کی راہ میں جہاد اور کسی ملامت گر کی ملامت کا اندیشہ نہ کرنا تعلیم و تعلم اور ہدایت کرنے اور ہدایت پانے کے لئے نیک لوگوں اور بزرگوں کی صحبت وغیرہ) ۔ سُجَّدَاً ساجد کی جمع ہے اور قیام قائم کی یا قیام مصدر بمعنی اسم فاعل ہے ‘ نماز شب (کی فضیلت) کے متعلق حضرت ابن عباس ؓ کی روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا میری امت کے سردار حاملین قرآن اور نماز شب ادا کرنے والے ہیں۔ رواہ البیہقی فی شعب الایمان۔ حضرت ابوہریرہ ؓ کی روایت ہے ‘ میں نے خود سنا کہ رسول اللہ ﷺ : فرما رہے تھے فرض نماز کے بعد سب سے افضل نماز رات میں پڑھی جانے والی نماز ہے۔ رواہ احمد۔ حضرت ابو امامہ راوی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا قیام شب کا التزام کرو یہ گزشتہ صلحاء کی عادت جاریہ ہے ‘ رب سے قربت حاصل کرنے ‘ گناہوں کو ساقط کرنے اور (آئندہ) گناہ سے روکنے کا ذریعہ ہے۔ رواہ الترمذی۔ حضرت ابو سعید خدری راوی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تین چیزیں ہیں جن کی طرف دیکھ کر اللہ ہنستا ہے (یعنی اظہار پسندیدگی فرماتا) ہے۔ (1) اس آدمی کو دیکھ کر جو رات میں اٹھ کر نماز پڑھتا ہے۔ (2) ان لوگوں کو دیکھ کر جو نماز میں صف بند ہوتے ہیں۔ (3) ان لوگوں کو دیکھ کر جو دشمن کے مقابلے میں لڑنے کے لئے صفیں قائم رکھتے ہیں۔ رواہ البغوی فی شرح السنۃ۔ بغوی نے لکھا ہے کہ حضرت ابن عباس ؓ نے فرمایا جس نے عشاء ( کی نماز) کے بعد دو رکعتیں یا اس سے زیادہ پڑھ لیں (تو گویا) اس نے رات بھر اللہ کے سامنے سجدہ اور قیام میں گزاری ‘ حضرت عثمان بن عفان راوی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس نے عشاء کی نماز جماعت کے ساتھ پڑھ لی تو ایسا ہوگیا جیسے اس نے آدھی رات قیام کیا 1 ؂۔ رواہ مسلم و احمد۔
Top