Tafseer-e-Majidi - As-Saff : 13
وَ اُخْرٰى تُحِبُّوْنَهَا١ؕ نَصْرٌ مِّنَ اللّٰهِ وَ فَتْحٌ قَرِیْبٌ١ؕ وَ بَشِّرِ الْمُؤْمِنِیْنَ
وَّاُخْرٰى : اور دوسری چیز تُحِبُّوْنَهَا : تم محبت رکھتے ہو اس سے نَصْرٌ مِّنَ اللّٰهِ : مدد اللہ کی طرف سے وَفَتْحٌ : اور فتح قَرِيْبٌ : قریبی وَبَشِّرِ الْمُؤْمِنِيْنَ : اور خوش خبری دو مومنو کو
اور ایک اور (ثمرہ بھی) کہ وہ تمہیں محبوب ہے (یعنی) اللہ کی طرف سے مدد اور جلد فتح یابی اور آپ ایمان والوں کو بشارت دے دیجئے،17۔
17۔ (دنیا میں اسی قریبی فتح ونصرت کی) (آیت) ” واخری تحبونھا “۔ یعنی اس اخروی ثمرہ کے علاوہ ایک اور ثمرۂ ایمان وطاعت، جو تمہیں طبعا محبوب بھی ہے۔ ثمرات آخرت کیسے ہی بیش بہا، گراں قدر، بےمثال ہوں، بہرحال انتظار طلب ہیں انسان طبعی وخلقی طور پر اس بڑے اور انتہائی ثمرہ کے علاوہ ثمرات عاجل کا بھی طلبگار رہتا ہے، اور قرآن سے بڑھ کر بشری جذبات کی رعایت کرنے والا اور کون ہوگا ؟ (آیت) ” نصر ..... قریب “۔ مسلمانوں کی عظیم الشان اور حیران کن فتح مندیوں کی پیشگوئی کا ظہور ووقوع جس شاندار طریقہ پر سارے حجاز کے ایک ایک غزوہ میں رسول اللہ ﷺ کی زندگی میں، اور پھر خلافت راشدہ کے زمانہ میں، ایران، اور رومہ اور شام اور مصر، اور عراق کی سرزمینوں پر ہو کر رہا۔ اس کی گواہ دنیا کی ساری تاریخ ہے۔
Top