Tafseer-e-Majidi - Al-Baqara : 276
یَمْحَقُ اللّٰهُ الرِّبٰوا وَ یُرْبِی الصَّدَقٰتِ١ؕ وَ اللّٰهُ لَا یُحِبُّ كُلَّ كَفَّارٍ اَثِیْمٍ
يَمْحَقُ : مٹاتا ہے اللّٰهُ : اللہ الرِّبٰوا : سود وَيُرْبِي : اور بڑھاتا ہے الصَّدَقٰتِ : خیرات وَاللّٰهُ : اور اللہ لَا يُحِبُّ : پسند نہیں کرتا كُلَّ : ہر ایک كَفَّارٍ : ناشکرا اَثِيْمٍ : گنہگار
اللہ سود کو مٹاتا ہے اور صدقات کو بڑھاتا ہے،1074 ۔ اور اللہ کسی کفر کرنے والے گنہگار کو دوست نہیں رکھتا،1075 ۔
1074 ۔ آخرت میں تو اس وعدہ وعید دونوں کا مشاہدہ پوری طرح ہو کر ہی رہے گا کہ سود میں برکت وخیریت برائے نام بھی نظر نہ آئے گی۔ اور صدقات کا اجر بےحساب ملے گا۔ لیکن دنیا میں بھی اس کا ظہور کسی نہ کسی حد تک ہوتا ہی رہتا ہے۔ سود خوار قوموں کا انجام بارہا آپس کی خونریزی اور تباہی و بربادی ہی پر ہوا ہے اور افراد میں بھی مشاہدہ ہے کہ سود خواری کی عادت بینوں، مہاجنوں کے دل میں روپیہ کو فی نفسہ محبوب بنا دیتی ہے۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ سود خوار زرودولت سے دنیوی لطف بھی نہیں اٹھا پاتا۔ اس کے مقابل صدقہ کی برکتیں، ملی غمخواری وہمدردی، ایک دوسرے کی مشارکت ومعاونت قوم اور افراد دونوں میں مشاہدہ کی چیزیں ہیں۔ بینکوں کے آئے دن ٹوٹنے، مہاجنوں اور بینوں کے دیوالہ نکلتے رہنے اور پھر اس سے ہزاروں گھروں کی تباہی و بربادی کس نے نہیں دیکھی ہے ؟ معاشرہ کی اس ابتری کا راز بھی سود کاروبار کی ترویج ہے۔ 1075 ۔ اس کے اندر دونوں قسم کے نافرمان آگئے، وہ جو دود کا کاروبار کرتے ہیں اور وہ جو اپنے عمل کے ساتھ ساتھ، حرمت سود کے عقیدۃ بھی منکر ہیں۔ (آیت) ” کفار “ کافر کا صیغہ مبالغہ ہے، ناشکرے اور کفران نعمت کرنے والے کے مفہوم میں کفور کا مرادف اور اس سے بلیغ تر۔ یہاں مراد وہی لوگ ہیں جو جواز سود کے قائل ہیں۔ ای عظیم الکفر باستحلال الربوا (مدارک) مصر علی تحلیل المحرمات (بیضاوی) الکفور المبالغ فی کفران النعمۃ والکفار ابلغ من الکفور (راغب) (آیت) ” اثیم “ بڑے گنہگار، یعنی سود خواری جیسی شدید معصیت میں مبتلا۔ متماد فی الاثم باکلہ (مدارک) منھمک فی ارتکابہ (بیضاوی) (آیت) ” کفار “۔ کے لفظی معنی بڑے ناشکرے کے ہیں۔ جس شخص پر اللہ اپنا اتنا فضل کرے کہ اسے اس کی اپنی ضروریات سے زیادہ مال دے او وہ اس مال کو بندوں کی آزار رسانی پر صرف کرے تو اس سے بڑھ کر سوء استعمال کی مثال اللہ کے فضل کی اور کیا ہوگی اور ایسے بدبخت سے بڑھ کر ناشکرا اور کون قرار پائے گا ؟
Top