Mafhoom-ul-Quran - Al-An'aam : 154
ثُمَّ اٰتَیْنَا مُوْسَى الْكِتٰبَ تَمَامًا عَلَى الَّذِیْۤ اَحْسَنَ وَ تَفْصِیْلًا لِّكُلِّ شَیْءٍ وَّ هُدًى وَّ رَحْمَةً لَّعَلَّهُمْ بِلِقَآءِ رَبِّهِمْ یُؤْمِنُوْنَ۠   ۧ
ثُمَّ اٰتَيْنَا : پھر ہم نے دی مُوْسَى : موسیٰ الْكِتٰبَ : کتاب تَمَامًا : نعمت پوری کرنے کو عَلَي : پر الَّذِيْٓ : جو اَحْسَنَ : نیکو کار ہے وَتَفْصِيْلًا : اور تفصیل لِّكُلِّ شَيْءٍ : ہر چیز کی وَّهُدًى : اور ہدایت وَّرَحْمَةً : اور رحمت لَّعَلَّهُمْ : تاکہ وہ بِلِقَآءِ : ملاقات پر رَبِّهِمْ : اپنا رب يُؤْمِنُوْنَ : ایمان لائیں
ہاں ! پھر سن لو کہ ہم نے موسیٰ کو کتاب عنایت کی تھی تاکہ نیک لوگوں پر اپنی نعمت پوری کردیں اس میں ہر چیز کا بیان، ہدایت اور رحمت ہے تاکہ لوگ اپنے رب کی ملاقات کا یقین کرلیں۔
سیدنا موسیٰ (علیہ السلام) کی تعلیمات تشریح : اس آیت میں اس بات کو واضح کیا گیا ہے کہ انسان کی بہتری، بھلائی اور نجات کے لیے نبی بھیجے جاتے رہے۔ سب نے اللہ کی توحید کی دعوت دی اور اس دور میں موجودہ برائی سے روکا۔ اسی طرح جب سیدنا موسیٰ (علیہ السلام) کا زمانہ آیا۔ اس وقت مصر میں فرعون نے ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا تھا تو سیدنا موسیٰ (علیہ السلام) نے اپنی قوم بنی اسرائیل کو فرعون سے آزاد کروایا۔ دنیا میں قانون الٰہی کی پہلی مکمل کتاب تورات ہے اور پہلی قوم بنی اسرائیل ہے جس کو شریعت دی گئی۔ یہ کتاب سیدنا موسیٰ (علیہ السلام) کو دی گئی۔ اس میں ہر مسئلہ کو وضاحت سے بیان کردیا گیا تاکہ لوگ اپنے رب کو پہچانیں، نیک راستہ پر چلیں اور ان کو یقین ہوجائے کہ یہ دنیا ہمیشہ رہنے کی جگہ نہیں یہ صرف عمل کرنے کی عارضی جگہ ہے کیونکہ ہم یہاں سے اپنے رب کے پاس چلے جائیں گے وہاں ہمیں اپنے اعمال کے مطابق سزا یا جزا ملے گی اور وہی زندگی ہمیشہ کی زندگی ہوگی۔ تورات، زبور اور انجیل خاص وقت اور خاص قوموں کے لیے آئیں۔ ان سے پہلے سیدنا آدم (علیہ السلام) سے نبیوں کا سلسلہ چلتا آیا ہے۔ آسمانی صحیفے ہدایت کے لیے باقاعدہ آتے رہے وقت کے مطابق ان میں انسان کو ہدایت دی جاتی رہی مگر مکمل شریعت سیدنا موسیٰ (علیہ السلام) کو تورات کی شکل میں دی گئی۔ پھر قرآن مجید ایک ایسی کتاب اللہ تعالیٰ نے نازل فرمائی جو پوری دنیا کے لیے آئی اور ہمیشہ رہے گی۔ یہ اپنی تعلیمات میں اتنی مکمل ہے کہ اب اور کسی دوسری کتاب کی ضرورت باقی نہیں رہی اسی لیے یہ آخری کتاب آخری پیغمبر محمد ﷺ پر نازل کی گئی۔
Top