Mafhoom-ul-Quran - Al-Baqara : 254
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اَنْفِقُوْا مِمَّا رَزَقْنٰكُمْ مِّنْ قَبْلِ اَنْ یَّاْتِیَ یَوْمٌ لَّا بَیْعٌ فِیْهِ وَ لَا خُلَّةٌ وَّ لَا شَفَاعَةٌ١ؕ وَ الْكٰفِرُوْنَ هُمُ الظّٰلِمُوْنَ
يٰٓاَيُّهَا : اے الَّذِيْنَ اٰمَنُوْٓا : جو ایمان لائے (ایمان والے) اَنْفِقُوْا : تم خرچ کرو مِمَّا : سے۔ جو رَزَقْنٰكُمْ : ہم نے دیا تمہیں مِّنْ قَبْلِ : سے۔ پہلے اَنْ : کہ يَّاْتِيَ : آجائے يَوْمٌ : وہ دن لَّا بَيْعٌ : نہ خریدو فروخت فِيْهِ : اس میں وَلَا خُلَّةٌ : اور نہ دوستی وَّلَا شَفَاعَةٌ : اور نہ سفارش وَالْكٰفِرُوْنَ : اور کافر (جمع) ھُمُ : وہی الظّٰلِمُوْنَ : ظالم (جمع)
اے ایمان والو ! اس میں سے خرچ کرو جو ہم نے تم کو دیا اس دن کے آنے سے پہلے کہ جس دن نہ خریدو فروخت ہوگی اور نہ آشنائی یا سفارش کام آئے گی اور جو کافر ہیں وہی ظالم ہیں۔
اللہ کی راہ میں خرچ تشریح : اس آیت میں ایک تو اللہ کی قدرت کا ذکر ہے کہ انسان کو مال و دولت اور صحت و تندرستی غرض ہر چیز اسی کی ہی دی ہوئی ہیں۔ اس لئے انسان کو حکم دیا گیا ہے کہ تم تو صرف اس دنیا میں کچھ عرصہ کے لئے بھیجے گئے ہو تو اس دنیا سے جانے سے پہلے پہلے اللہ کی دی ہوئی ہر نعمت اللہ کی راہ میں خوشی سے خوب خرچ کرو۔ کیونکہ یہ خرچ کیا ہوا تمہارے بہت کام آئے گا، جو مال تم برے کاموں کے لئے خرچ کرو گے وہ مرنے کے بعد تمہارے کام اس طرح آئے گا کہ تمہیں عذاب ملے گا۔ لیکن اللہ کی راہ میں یعنی نیک کاموں کے لئے جو بھی تم خرچ کرو گے اس سے کئی گنا زیادہ تمہیں ثواب کی صورت میں دے دیا جائے گا۔ اگر انسان اس بات کو ہر وقت ذہن میں رکھے کہ اس نے مرجانا ہے اور پھر اللہ کے سامنے حاضر ہو کر اپنے کئے ہوئے کاموں کا بدلہ سزا یا جزاء پانی ہے تو وہ ہر برائی سے بچ سکتا ہے اور حساب والے دن کی تعریف اللہ تعالیٰ نے یوں کی ہے۔ -1 اس دن کسی سے سودے بازی لین دین نہ ہو سکے گا۔ -2 نہ محبت، دوستی یا رشتہ داری کا فائدہ مل سکے گا۔ -3 نہ کسی بڑے آدمی کی سفارش، دولت، رتبہ یا دباؤ کام آسکے گا۔ یہ سب دنیا کی سہولتیں ہیں۔ اللہ کے سامنے جب اعمال کا حساب و کتاب ہوگا تو صرف اپنے کئے ہوئے اعمال کا ہی بدلہ ملے گا اسی لئے کہا گیا ہے کہ اللہ کے دیئے ہوئے مال کو برے کاموں کے لئے نہیں، بلکہ اللہ کی راہ میں نیک کاموں کے لئے خوشی سے خرچ کرو۔ حدیث میں آیا ہے حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : اے آدم کے بیٹے ! تو میری راہ میں خرچ کر میں تجھ پر خرچ کروں گا۔
Top