Tafseer-e-Madani - As-Saff : 10
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا هَلْ اَدُلُّكُمْ عَلٰى تِجَارَةٍ تُنْجِیْكُمْ مِّنْ عَذَابٍ اَلِیْمٍ
يٰٓاَيُّهَا الَّذِيْنَ : اے لوگو اٰمَنُوْا : جو ایمان لائے ہو هَلْ اَدُلُّكُمْ : کیا میں رہنمائی کروں تمہاری عَلٰي تِجَارَةٍ : اوپر ایک تجارت کے تُنْجِيْكُمْ : بچائے تم کو مِّنْ عَذَابٍ : عذاب سے اَلِيْمٍ : دردناک
اے وہ لوگوں جو ایمان لائے ہو کیا میں تم کو ایک ایسی عظیم الشان تجارت کا پتہ (نہ) بتادوں ؟ جو تم کو نجات دلا دے ایک بڑے ہی دردناک عذاب سے ؟
[ 23] ایک بےمثال تجارت کی راہنمائی : سو اہل ایمان کو خطاب کرکے ارشاد فرمایا گیا کہ کیا میں تم لوگوں کو ایسی عظیم الشان تجارت کا پتہ نہ دے دوں جو تم کو ایک دردناک عذاب سے بجات دے ؟ سو اس سے ایک ایسی عظیم الشان اور بےمثال تجارت کی راہنمائی فرمائی گئی ہے جس میں کبھی کوئی خسارہ نہیں۔ سبحان اللّٰہ ! کیسی عجیب اور انوکھی تجارت ہے یہ جس میں نفع ہی نفع ہے خسارے کا نام و نشان بھی نہیں بشرطیکہ اس میں لگائے جانے والے سرمائے میں کوئی کھوٹ اور قصور نہ ہو، اسی لئے اس عظیم الشان تجارت کی توقع اور امید رکھتے ہیں جس میں خسارہ اور نقصان کسی صورت میں بھی نہیں، پس اس تجارت کے مقابلے میں ان دنیاوی تجارتوں کی حقیقت و حیثیت ہی کیا ہوسکتی ہے جن پر ابناء دنا لٹو ہو رہے ہیں اور وہ انہی کے لئے جیتے اور انہی کے لئے مرتے ہیں اور اس عظیم الشان تجارت کی وضاحت آگے اس طرح فرمائی گئی کہ تم لوگ اللہ اور اس کے رسول پر ایمان کے بعد اپنی جان اور اپنا مال اللہ کی راہ میں قربان کرنے کے لئے تیار ہوجاؤ۔ سو یہ تجارت تم لوگوں کو اس دنیا میں بھی عزت و عظمت سے نوازے گی اور آخرت کے اس حقیقی اور ابدی جہاں میں بھی حقیقی اور ابدی فوز و فلاح سے سرفراز کرے گی۔ وباللّٰہ التوفیق لما یحب ویرید، وعلی ما یحب ویرید،
Top