Tafseer-e-Madani - Al-An'aam : 58
قُلْ لَّوْ اَنَّ عِنْدِیْ مَا تَسْتَعْجِلُوْنَ بِهٖ لَقُضِیَ الْاَمْرُ بَیْنِیْ وَ بَیْنَكُمْ١ؕ وَ اللّٰهُ اَعْلَمُ بِالظّٰلِمِیْنَ
قُلْ : کہ دیں لَّوْ : اگر اَنَّ : ہوتی عِنْدِيْ : میرے پاس مَا : جو تَسْتَعْجِلُوْنَ : تم جلدی کرتے ہو بِهٖ : اس کی لَقُضِيَ : البتہ ہوچکا ہوتا الْاَمْرُ : فیصلہ بَيْنِيْ : میرے درمیان وَبَيْنَكُمْ : اور تمہارے درمیان وَاللّٰهُ : اور اللہ اَعْلَمُ : خوب جاننے والا بِالظّٰلِمِيْنَ : ظالموں کو
(ان سے) کہو کہ اگر میرے اختیار میں ہوتا وہ کچھ جس کی تم لوگ جلدی مچا رہے ہو تو کبھی کا چکا دیا ہوتا اس معاملے کو میرے اور تمہارے درمیان، اور اللہ خوب جانتا ہے ظالموں کو،2
100 آخری فیصلہ اللہ ہی کے اختیار میں ہے : نہ کہ میرے اختیار میں۔ ورنہ اگر میرے اختیار میں ہوتا وہ کچھ جس کا تم لوگ اس قدر شدت و تکرار اور بےفکری و لاپرواہی کے ساتھ اور مذاق واستہزا کے طور پر مطالبہ کرتے ہو تو میرے اور تمہارے درمیان فیصلہ کبھی کا کردیا گیا ہوتا اور کام چکا دیا جاتا۔ کہ میں تمہارے مطالبے پر وہ عذاب فوری ہی تم پر ڈال کر تم سے چھٹکارا حاصل کرلیتا تاکہ تمہارے وجود سے اللہ کی دھرتی پاک ہوجاتی۔ اور راہ حق میں تمہاری طرف سے اٹکائے جانے والے روڑے دور ہوجاتے۔ اور میں تم کو ایک گھڑی بھی مہلت نہ دیتا ۔ کما قال ابن عباس ؓ ۔ (صفوہ، جامع، ابن کثیر، زاد المسیر وغیرہ) ۔ لیکن معاملہ میرے اختیار میں نہیں بلکہ اللہ وحدہ لاشریک ہی کے اختیار میں ہے۔ وہ جب چاہے اور جیسے چاہے حکم اور فیصلہ فرمائے ۔ سبحانہ وتعالیٰ ۔ سو ہم سب کو اسی کے حکم و فیصلہ کا انتظار کرنا چاہیئے کہ اس کے بےلاگ فیصلے سے معاملہ پوری طرح صاف ہوجائے گا۔ اور ہر کسی کو اپنے کیے کرائے کا نتیجہ وثمرہ مل کر رہے گا جس کا وہ مستحق ہے۔ اور وہ ظالموں کو پوری طرح جانتا ہے۔ ان کا معاملہ اور ان کے معاملے کا کوئی بھی پہلو اس سے مخفی ومستور نہیں۔ وہ ان سے وہی کرے گا جس کے یہ لوگ اپنے ظلم کی بنا پر مستحق ہیں۔ اور یہ ان ظالموں کی بدبختی کا ایک مظہر و نمونہ ہے کہ خدائے رحمٰن و رحیم تو اپنی رحمت بےپایاں کی بنا پر ان کو ڈھیل دیتا ہے اور ان کو اپنی رحمت سے نوازنا چاہتا ہے مگر یہ ہیں کہ اس کی رحمت سے فیضیاب ہونے کی بجائے اس کے عذاب کا مطالبہ کرتے اور اس کے لئے جلدی مچاتے ہیں۔ سو یہ ان کی ٹیڑھی سوچ اور الٹی کھوپڑی کا نتیجہ ہے ۔ وَالْعِیَاذ باللّٰہِ العظیمِ-
Top