Tafseer-e-Madani - Al-An'aam : 163
لَا شَرِیْكَ لَهٗ١ۚ وَ بِذٰلِكَ اُمِرْتُ وَ اَنَا اَوَّلُ الْمُسْلِمِیْنَ
لَا شَرِيْكَ : نہیں کوئی شریک لَهٗ : اس کا وَبِذٰلِكَ : اور اسی کا اُمِرْتُ : مجھے حکم دیا گیا وَاَنَا : اور میں اَوَّلُ : سب سے پہلا الْمُسْلِمِيْنَ : مسلمان (فرماں بردار)
اس کا کوئی شریک نہیں، مجھے اسی کا حکم دیا گیا ہے اور میں سب سے پہلا فرمانبردار ہوں،
346 پیغمبر سب سے پہلا فرمانبردار ہوتا ہے : سو اس ارشاد سے واضح فرما دیا گیا کہ پیغمبر سب سے پہلا فرمانبردار ہوتا ہے۔ یعنی اس کی امت کے اعتبار سے۔ کیونکہ ہر نبی اپنی امت کا مقتدا و پیشوا ہوتا ہے۔ اس لئے اس کا اسلام اپنی امت کے اسلام سے مقدم اور اس کے لئے نمونہ ہوتا ہے۔ سو کوئی مانے یا نہ مانے، تسلیم کرے یا نہ کرے۔ اصل حقیقت بہرحال یہی اور صرف یہی ہے کہ معبود برحق بہرحال اللہ اور صرف اللہ وحدہ لاشریک ہی ہے۔ اس کا نہ کوئی شریک وسہیم ہے اور نہ ہی کسی کو کسی بھی طرح کی عبادت کا کوئی حق پہنچتا ہے۔ بہرکیف پیغمبر اپنی امت کے اعتبار سے پہلا فرمانبردار اور ان کیلئے نمونہ اور پیشوا ہوتا ہے۔ (ابن کثیر، محاسن التاویل، مدارک التزیل اور فتح القدیر وغیرہ) ۔ اور ہمارے حضور ﷺ چونکہ صرف نبی و رسول ہی نہیں بلکہ سب نبیوں اور رسولوں کے امام و پیشوا اور سب سے مقدم ہیں۔ اس لیے اس اعتبار سے آپ سب دنیا جہاں میں اللہ کے سب سے پہلے فرمانبردار ہیں۔ بہرکیف حضرت امام الانبیائ۔ علیہ وعلیہم الصَّلٰوۃ والسّلام ۔ کی زبان مبارک سے اعلان کروایا گیا کہ مجھے اسی کا حکم دیا گیا ہے اور میں سب سے پہلا مسلمان اور اپنے رب کا فرمانبردار ہوں۔ یہی میری فطرت ہے اور اسی کی مجھے میرے رب کی طرف سے ہدایت فرمائی گئی ہے۔ اس لئے میں نے سب سے آگے بڑھ کر اس کی اطاعت و بندگی کا قلادہ اپنی گردن میں ڈال دیا ہے۔ اب جس کی مرضی اس راہ پر چلے اور میری پیروی کرے۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویرید وعلی ما یحب ویرید -
Top