Tafseer-e-Madani - Al-An'aam : 11
قُلْ سِیْرُوْا فِی الْاَرْضِ ثُمَّ انْظُرُوْا كَیْفَ كَانَ عَاقِبَةُ الْمُكَذِّبِیْنَ
قُلْ : آپ کہ دیں سِيْرُوْا : سیر کرو فِي الْاَرْضِ : زمین (ملک) میں ثُمَّ : پھر انْظُرُوْا : دیکھو كَيْفَ : کیسا كَانَ : ہوا عَاقِبَةُ : انجام الْمُكَذِّبِيْنَ : جھٹلانے والے
ان سے کہا کہ چلو (پھرو) تم لوگ (عبرتوں بھری) اس زمین میں، پھر دیکھو کہ کیسا ہوا انجام (حق و صداقت کے) جھٹلانے والوں کا،
17 تکذیبِ حق کا آخری نتیجہ ہولناک تباہی : سو اس بارے دعوت غور وفکر دیتے ہوئے ارشاد فرمایا گیا کہ سو دیکھو کہ کیسا ہوا انجام جھٹلانے والوں کا کہ تکذیبِ حق کے سنگین جرم کی پاداش میں یہ لوگ کس طرح تباہ و برباد ہوئے۔ معلوم ہوا کہ سیر و سیاحت کا اصل مقصد عبرت پکڑنا اور سبق لینا ہے۔ لیکن افسوس کہ آج کل کی سیر و سیاحت سے یہی مقصودی عنصر غائب اور عنقا ہے۔ ہڑپہ، ٹیکسلا اور موہنجوڈا رو وغیرہ وغیرہ جیسے آثار قدیمہ کی حفاظت کے لئے لاکھوں کروڑوں کے خرچے تو بہرحال کئے جاتے ہیں لیکن عبرت پذیری کا یہی اصل عنصر اور بڑا مقصد مفقود اور عنقا ہے ۔ اِلّا مَا شَا ئََ اللّٰہُ ۔ بلکہ اس کے برعکس وہاں پر مزید غفلت، لاپرواہی اور خرمستی کے مظاہر دیکھنے میں آتے ہیں۔ عورتوں اور مردوں کے بےمحابہ اختلاط، فوٹوگرافی اور نظربازی وغیرہ کیا کچھ نہیں ہوتا ۔ وَالْعِیَاذ باللّٰہِ وَاِلَی اللّٰہِ الْمُشْتَکٰی ۔ بہرکیف حکم و ارشاد فرمایا گیا کہ غفلت کے مارے ان لوگوں سے کہو کہ تم عبرتوں بھری اس زمین میں چل پھر کر دیکھو اور درس عبرت و بصیرت لو کہ کیسا ہولناک انجام ہوا ان لوگوں کا جنہوں نے حق کو جھٹلایا ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ اللہ ہمیشہ اپنی حفاظت و پناہ میں رکھے ۔ آمین۔
Top