Tafseer-e-Madani - Al-Waaqia : 42
فِیْ سَمُوْمٍ وَّ حَمِیْمٍۙ
فِيْ سَمُوْمٍ : گرم ہوا میں وَّحَمِيْمٍ : اور گرم پانی میں
وہ لو کی لپٹ اور کھولتے ہوئے پانی میں ہوں گے
[ 39] ان کے ہولناک انجام کا ذکر وبیان : سو ارشاد فرمایا گیا کہ وہ لوکی لپٹ اور کھولتے پانی میں ہوں گے۔ سموم دراصل اس ہوا کو کہا جاتا ہے جو مسام جان کے اندر گھس گھس جائے " ای ینفذ المسام " [ المراغی، المحاسن وغیرہ ] سو جس کافر و باطل پرست کا مآل و انجام یہ ہونے والا ہے اس کو اگر دنیا ساری کی دولت بھی مل جائے تو بھی اس کو کیا ملا، والعیاذ باللّٰہ جل وعلا سو اصل اور حقیقی دولت ایمان و یقین اور حق و ہدایت کی دولت ہے جس سے سرفرازی کے بعد انسان کو اس طرح کے ہولناک اخروی انجام سے بچ کر جنت کی سدا بہار نعمتوں سے سرفرازی نصیب ہوئی ہے۔ فالحمدللّٰہِ الذی شرقنا بھذہ النعمۃ الکبری بمحض منہ وکرمہ واحسانہ اللّٰہم زدنا منھا وثبتنا علیہا بہرکیف اس سے ان کے ہولناک انجام کو بیان فرمایا گیا کہ وہ لوکی لپٹ اور کھولتے پانی میں ہوں گے اور یہاں پر آگ کو ذکر نہیں فرمایا گیا بلکہ ادنیٰ سے اعلیٰ کی طرف ترقی کے اصول پر گرم ہوا اور اس کی لو کو ذکر فرمایا گیا ہے کہ ہوا اور پانی دونوں ٹھنڈی چیزیں ہوتی ہیں اور صرف ٹھنڈی نہیں بلکہ سب سے ٹھنڈی اور ٹھنڈک بخش چیزیں ہوتی ہیں۔ سو جب ان کی ان ٹھنڈی چیزوں کی گرمی کا یہ حال ہوگا تو پھر اس کی آگ کا کیا حال ہوگا [ تفسیر المراغی ] والعیاذ باللّٰہ العظیم۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ اور ہر لحاظ سے اپنی حفاظت و پناہ میں رکھے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین، ویا ارحم الراحمین واکرم الاکرمین،
Top