Tafseer-e-Madani - Al-Waaqia : 22
وَ حُوْرٌ عِیْنٌۙ
وَحُوْرٌ : اور حوریں عِيْنٌ : بڑی آنکھوں والی
اور ان کے لئے خوبصورت آنکھوں والی عظیم الشان حوریں ہوں گی
[ 19] اہل جنت کی حوروں کا ذکر وبیان : سو ارشاد فرمایا گیا کہ ان کے لئے آہو چشم حوریں بھی ہونگی، اور حور کا یہ لفظ ماخوذ ہے حور سے جس کے معنی انتہائی سفیدی کے آتے ہیں، اور حوران جنت کی خاص صفت ہے، خواتین بنی آدم کے لئے اگر اس لفظ کا اطلاق ہوگا بھی تو اضافت کے ساتھ ہوگا۔ جیسے حور العیون وغیرہ، اور عین جمع ہے " عینایٔ " کی، جس کے معنی آتے ہیں بڑی گول اور سیاہ آنکھ والی، جو کہ انتہائی خوبصورت ہوتی ہے، اس لئے ہم نے ترجمہ کے اندر اسی حاصل معنی کو اختیار کیا ہے۔ وباللّٰہ التوفیق وھو الی التوفیق ونعم المولیٰ ونعم النصیر سو کھانے پینے کی ساری نعمتیں ادھوری ہیں اگر ان میں بیوی شریک نہ ہو، جس کو اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرت کاملہ اور حکمت بالغہ سے مرد کے لئے سرمائی رحمت و سکون بنایا ہے۔ اسی لیے اہل جنت کو ایسی عظیم الشان حوریں بھی ملیں گی اور اسی لیے یہاں پر اکل و شرب سے تعلق رکھنے والی نعمتوں کے ذکر کے بعد ان کے لئے حوران جنت کی اس عظیم الشان نعمت کا ذکر فرمایا گیا کہ اللہ تعالیٰ ان کو وہاں پر آہو چشم اور درمکنون کی طرح اچھوتی حوروں سے بھی نوازے گا اور یہ دو وصف ایسے عظیم الشان وصف ہیں جس کے اندر حوران جنت کے حسن ظاہر اور حسن باطن دونوں کے تمام پہلو جمع ہوگئے۔ جعلنا اللّٰہ من اہلہا بمحض منہ وکرمہ، وھو ارحم الراحمین، واکرم الاکرمین۔ جل جلالہ، فعلیہ نتوکل وبہ نستعین۔
Top