Tafseer-e-Madani - Al-Furqaan : 41
وَ اِذَا رَاَوْكَ اِنْ یَّتَّخِذُوْنَكَ اِلَّا هُزُوًا١ؕ اَهٰذَا الَّذِیْ بَعَثَ اللّٰهُ رَسُوْلًا
وَاِذَا : اور جب رَاَوْكَ : دیکھتے ہیں تمہی وہ اِنْ : نہیں يَّتَّخِذُوْنَكَ : وہ بناتے تمہیں اِلَّا : مگر۔ صرف هُزُوًا : تمسخر (ٹھٹھا اَھٰذَا : کیا یہ الَّذِيْ بَعَثَ : وہ جسے بھیجا اللّٰهُ : اللہ رَسُوْلًا : رسول
اور جب یہ لوگ آپ کو دیکھتے ہیں اے پیغمبر تو ان کا اس کے سوا کوئی کام نہیں ہوتا کہ آپ کا مذاق اڑانے لگتے ہیں اور کہتے ہیں کہ کیا یہی ہیں وہ صاحب جن کو اللہ نے رسول بنا کر بھیجا ہے ؟
50 حق اور اہل حق کا مذاق اڑانا محرومی دارین کا باعث۔ والعیاذ باللہ ۔ سو ان کے اس سنگین مرض اور اس میں اضافے کے بیان کے ضمن میں ارشاد فرمایا گیا اور درس عبرت و بصیرت لینا اور نور حق و ہدایت سے سرفراز ہونا تو درکنار یہ لوگ تو مرض کی اس انتہاء کو پہنچ چکے ہیں کہ الٹا ھادی برحق اور حضرت امام الرسل ۔ علیہ و علیھم الصلوۃ والسلام ۔ کا مذاق اڑاتے ہیں کہ ان صاحب کو دیکھو اور ان کے دعوائے رسالت کو دیکھو۔ کیا اس منصب کے لئے بس یہی رہ گئے تھے وغیرہ وغیرہ۔ تو پھر ایسے بدنصیبوں کو دولت حق و ہدایت نصیب ہو تو کس طرح اور کیونکر ؟ سو اس سے معلوم ہوا کہ اہل حق اور دعوت حق کی تحقیر و توہین بڑا خطرناک جرم اور سنگین مرض ہے جس کی سزا میں انسان ہدایت کی دولت اور اس کی سعادت سے محروم ہوجاتا ہے اور جو حق و ہدایت کی دولت سے محروم ہوگیا وہ دنیا و آخرت کی سعادت و سرخروئی سے محروم ہوگیا جو کہ سب سے بڑا اور انتہائی ہولناک خسارہ ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ ہر طرح کے شرور و فتن سے محفوط رکھے ۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین -
Top