Tafseer-e-Madani - Al-Furqaan : 12
اِذَا رَاَتْهُمْ مِّنْ مَّكَانٍۭ بَعِیْدٍ سَمِعُوْا لَهَا تَغَیُّظًا وَّ زَفِیْرًا
اِذَا : جب رَاَتْهُمْ : وہ دیکھے گی انہیں مِّنْ : سے مَّكَانٍ : جگہ بَعِيْدٍ : دور سَمِعُوْا : وہ سنیں گے لَهَا : اسے تَغَيُّظًا : جوش مارتا وَّزَفِيْرًا : اور چنگھاڑتا
ایسی ہولناک آگ کہ جب وہ ان کو دور سے دیکھے گی تو یہ لوگ اس کے غیظ و غضب اور دہاڑنے کی آوازیں سنیں گے
14 آتش دوزخ کی ہولناکی کی تصویر : سو اس سے دوزخ کی آگ کی ہولناکی اور اس کے غیظ و غضب کا کچھ حال بیان فرمایا گیا ہے۔ سو دوزخ کی وہ آگ دنیاوی آگ کی طرح اندھی بہری آگ نہیں ہوگی کہ سب کے ساتھ ایک ہی سلوک کرے۔ بلکہ وہ دیکھتی سنتی اور جانتی پہچانتی ہوگی کہ مجرم کون ہے اور اس کا جرم کیا اور کس درجے کا ہے۔ جیسا کہ دوسرے مقام پر ارشاد فرمایا ہے ۔ { تَطَّلِعُ عَلَی الاَفْئِدَۃِ } ۔ یعنی " وہ جھانکتی ہوگی دلوں پر " تاکہ یہ دیکھے کہ کس دل پر کفر و بغاوت کی سیاہی کتنی پکی اور فسق و فجور کا زنگ کس قدر گہرا اور گاڑھا ہے۔ اور وہ پکار پکار کر اپنی طرف بلا رہی ہوگی ان لوگوں کو جنہوں نے راہ حق و ہدایت سے منہ موڑ کر بغاوت و سرکشی کی راہ کو اپنایا ہوگا اور انہوں نے حطام دنیا کے جوڑنے جمع کرنے ہی کو اپنا مقصد حیات بنا لیا ہوگا۔ چناچہ دوسرے مقام پر ارشاد فرمایا گیا ۔ { تَدْعُوْ مَنَْ اَدْبَرَ وَتَوَلّٰی، وَجَمَعَ فَاَوْعٰی } (المعارج :17-18) ۔ اللہ اپنی پناہ میں رکھے اور ہمیشہ اپنی رضا و خوشنودی کی راہوں پر چلنا نصیب فرمائے اور نفس و شیطان کے ہر مکر و فریب سے محفوظ رکھے ۔ آمین ثم آمین یارب العالمین۔
Top