Tafseer-e-Madani - Al-Furqaan : 10
تَبٰرَكَ الَّذِیْۤ اِنْ شَآءَ جَعَلَ لَكَ خَیْرًا مِّنْ ذٰلِكَ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ١ۙ وَ یَجْعَلْ لَّكَ قُصُوْرًا
تَبٰرَكَ : بڑی برکت والا الَّذِيْٓ : وہ جو اِنْ شَآءَ : اگر چاہے جَعَلَ : وہ بنا دے لَكَ : تمہارے لیے خَيْرًا : بہتر مِّنْ ذٰلِكَ : اس سے جَنّٰتٍ : باغات تَجْرِيْ : بہتی ہیں مِنْ تَحْتِهَا : جن کے نیچے الْاَنْهٰرُ : نہریں وَيَجْعَلْ : اور بنا دے لَّكَ : تمہارے لیے قُصُوْرًا : محل (جمع)
بڑی ہی برکت والی ہے وہ ذات جو اگر چاہے تو اس دنیا میں ہی اور ان کی ان فرمائشوں سے بھی کہیں بڑھ کر اچھی چیز آپ کو عطا فرما دے یعنی ایک نہیں کئی ایسے عظیم الشان باغ جن کے نیچے سے نہریں بہتی ہوں اور اسی طرح وہ بنا دے آپ کے لیے طرح طرح کے عظیم الشان محل بھی2
12 دنیا دار الامتحان ہے نہ کہ دار الانعام : اور دار الانعام آخرت ہے۔ اور اعمال کا پورا بدلہ وہیں ملے گا۔ اور وہیں مل سکے گا۔ دنیا میں پورا بدلہ نہ ملتا ہے نہ مل سکتا ہے کہ دنیا میں اس کی گنجائش ہی نہیں۔ پس کفار اشرار کا آپ پر اے پیغمبر یہ اعتراض کرنا اور اس طرح کے مطالبے کرنا ان کی اپنی کوتاہ نظری اور کج فہمی کا نتیجہ ہے۔ ورنہ اللہ اگر چاہے تو آپ کو طرح طرح کے عظیم الشان باغات بھی دیدے اور محلات بھی۔ اللہ پاک کے لئے ایسا کرنا کچھ بھی مشکل نہیں۔ بلکہ وہاں تو محض ارادہ کرنے کی دیر ہے۔ مگر وہ ایسے کرتا اس لئے نہیں کہ یہ اس کی حکمت و مشیت کے خلاف ہے۔ کیونکہ اس طرح کرنے سے پھر امتحان کیسا اور آزمائش کیا ہوتی ؟ پھر کھرے کھوٹے کی تمیز کس طرح ہوتی ؟ اور پھر جنت و دوزخ کی سزا و جزا کے کیا معنیٰ باقی رہ جاتے ہیں۔ سو یہ دنیا " دارلجزا " نہیں " دارالعمل " ہے۔ " دارالجزا " اصل میں آخرت ہے جہاں کی زندگی حقیقی اور جہاں کا فیصلہ قطعی اور آخری ہے۔ سو اللہ پاک آپ ﷺ کو ۔ اے پیغمبر !۔ اور آپ ﷺ کی امت کے ہر مومن صالح کو آخرت کے اس ابدی جہان میں اپنی خاص الخاص رحمتوں اور عنایتوں سے نوازے گا نہ کہ دنیا میں کہ یہ دارالامتحان ہے نہ کہ دارالانعام۔ سو دنیا کی غربت اور اس کی امارت وغیرہ کی ہر حالت امتحان اور ابتلاء و آزمائش کیلئے ہے۔ یہ صلہ و انعام کے لیے نہیں۔ اصل چیز ہے آخرت جو کہ دارالانعام اور دارالجزاء ہے۔ پس جو وہاں کامیاب ہوگیا وہی ہے اصل اور حقیقی کامیاب۔ اور اس کی کامیابی دائمی اور ابدی ہے ۔ اللہ نصیب فرمائے ۔ آمین۔ اور جو وہاں ناکام ہوا وہی ہے سب سے بڑا ناکام اور حقیقی خسارے والا ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ اللہ ہمیشہ اپنے حفظ وامان میں رکھے ۔ آمین۔
Top