Tafseer-e-Jalalain - Al-Baqara : 11
وَ اِذَا قِیْلَ لَهُمْ لَا تُفْسِدُوْا فِی الْاَرْضِ١ۙ قَالُوْۤا اِنَّمَا نَحْنُ مُصْلِحُوْنَ
وَ إِذَا : اور جب قِيلَ : کہاجاتا ہے لَهُمْ : انہیں لَا تُفْسِدُوا : نہ فسا دپھیلاؤ فِي الْأَرْضِ : زمین میں قَالُوْا : وہ کہتے ہیں اِنَّمَا : صرف نَحْنُ : ہم مُصْلِحُوْنَ : اصلاح کرنے والے
اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ زمین میں فساد نہ ڈالو تو کہتے ہیں ہم تو اصلاح کرنے والے ہیں
آیت نمبر 11 ترجمہ : جب ان سے کہا جاتا ہے کہ : کفر کے ذریعہ اور ایمان میں رکاوٹ ڈال کر زمین میں فساد برپا نہ کرو، تو جواب دیتے ہیں کہ ہم تو صرف اصلاح کرنے والے ہیں، اور وہ جس طریقہ پر ہیں فساد نہیں ہے، اللہ تعالیٰ نے اس کی تردید کرتے ہوئے فرمایا، خبردار درحقیقت یہی لوگ مفسد ہیں اَلَا تنبیہ کے لئے ہے مگر انہیں اس کا شعور نہیں ہے اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ : لوگوں (یعنی صحابہ نبی ﷺ کی طرح تم بھی ایمان لے آؤ تو وہ جواب دیتے ہیں کہ کیا ہم بیوقوفوں (یعنی) جاہلوں کی طرف ایمان لے آئیں ؟ یعنی ہم ایسا نہ کریں گے، خبردار حقیقت میں تو یہ خود بیوقوف ہیں، لیکن اس کو وہ سمجھتے نہیں ہیں اور جب یہ اہل ایمان سے ملتے ہیں (اِذَا لَقُوْا) اس کی اصل، لَقِیُوْا، تھی، ضمہ کو یا پر ثقیل سمجھتے ہوئے حذف کردیا، پھر یاء، واؤ کے ساتھ التقاء ساکنین کی وجہ سے ساقط ہوگئی، تو کہتے ہیں کہ ہم ایمان لائے ہیں اور جب تنہائی میں اپنے شیاطین سرداروں سے ملتے ہیں تو کہتے ہیں دین میں ہم تمہارے ساتھ ہیں اظہار ایمان کرکے، ہم تو صرف ان سے مذاق کرتے ہیں، اللہ ان سے مذاق کر رہا ہے (یعنی) ان کے ساتھ استہزاء کا معاملہ کر رہا ہے اور وہ ان کو ان کی سرکشی میں ڈھیل دے رہا ہے، ان کے حد سے تجاوز کرنے کی بنا پر کفر کی وجہ سے حال یہ ہے کہ وہ حیرانی میں بھٹک رہے ہیں، (یَعْمَھُوْنَ ) کی ضمیر سے حال ہے۔ تحقیق و ترکیب و تسہیل و تفسیری فوائد قولہ : بِالْکُفْرِ : باء سببیہ ہے، اَلکُفر، معطوف علیہ اَلتَّعوِیْقِ ، اپنے متعلق عن الایمان سے مل کر معطوف، تَعْوِیْق، (تفعیل) روکنا، باز رکھنا، کسی کام میں روڑے اٹکانا، ای تعویق الغیر عن الایمان۔ قولہ : اِنَّمَا نَحْنُ مُصْلِحُوْنَ : یہ جملہ حصر مبتداء فی الخبر کے قبیل سے ہے، یعنی ہم اصلاح ہی کرتے ہیں اصلاح کے علاوہ ہمارا دوسرا کوئی کام نہیں ہے منافقین نے اپنے اس قول کو، اِنَّما، کلہ حصر کے ذریعہ اور جملہ اسمیہ کے ذریعہ جو کہ مفید دوام و استمرار ہے، مؤکد کیا ہے اللہ تبارک و تعالیٰ نے اس کا جواب ایسے جملے سے دیا ہے، جو چارتا کیدوں سے مؤکد ہے اور وہ الا اِنِّھُمْ ھُمْ الْمُفْسِدُوْنَ ، (1) اَلَا، حرف تنبیہ، (2) اِنَّ ، (3) تعریف خبر بالالف واللام (ای المفسدون) ۔ قولہ : اصحابُ النبی، اَلنَّاسُ کی تفسیر اصحاب النبی سے کرکے اشارہ کردیا کہ : الناس میں الف لام عہد کا ہے۔ قولہ : لَقُوْا مفسر علام نے اس کی پوری تعلیل نہیں فرمائی، پوری تعلیل اس طرح ہے، لَقُوْا اصل میں لَقِیُوْا تھا، ضمہ یاء پر دشوار سمجھ کر تخفیفاً گرادیا اب یاء اور واؤ میں التقاء ساکنین ہوا، یاء اور واؤ میں سے، یاء ساقط ہوگی، واؤ کی مناسبت سے قاف کے کسرہ کو ضمہ سے بدل دیا، لَقُوْا ہوگیا۔ قولہ : خَلَوْا مِنْھُمْ ، مفسر علام نے مِنْھُمْ مقدر مان کر اس طرف اشارہ کردیا کہ خَلَوْا، کا متعلق محذوف ہے، اور خَلَوا، کی تفسیر رَجعُوْا سے کرکے اشارہ کردیا کہ خَلَوا، رَجَعُوْا کے معنی کو متضمن ہے، تاکہ اس کا صلہ اِلیٰ لانا صحیح ہوجائے، خَلَوا، اصل میں خَلَوُوْا تھا، اول واؤ، لام کلمہ ہے اور ثانی علامت اعراب ہے پہلا واؤ متحرک اس کا ماقبل مفتوح لہٰذا واؤ الف سے بدل گیا، التقاء ساکنین ہوا، الف اور واؤ ثانیہ میں، الف گرگیا، اور حذف الف کی علامت کے طور پر فتحہ باقی رہ گیا، خَلَوْا، ہوگیا۔ قولہ : یَعْمَھُوْنَ مضارع مذکر غائب (ف، س) وہ سرگرداں پھرتے ہیں، وہ متحیر پھرتے ہیں، یَعْمَھُوْنَ ، یا تو یَمُوُّھُمْ ، کی ضمیر ھم یا طُغْیَانِھِمْ کی ضمیر ھم، سے حال ہے، اس کا مقصد اس طرف اشارہ کرنا ہے کہ یَعْمھُون مذکورہ ضمیر کی صفت نہیں ہے، اس لئے کہ ضمیر موصوف واقع نہیں ہوتی۔ اللغۃ والبلاغۃ الطُّغیان، مصدر طَغٰی، طُغْیانًا، بضم الطاء وکسرھا، ولام طغٰی قیل یاء وقیل : واؤ، ومعناھا، مجاوزۃ الحدِّ ۔ المخالفۃ بین جملۃ مستھزؤن وجملۃ یسْتھزئی لأنَّ ھزء اللہ تعالیٰ بِھِمْ متجددٌ وقتًا بعد وقتٍ وحَالًا بعد حالٍ بوقعِھم فی مناھات الحیرۃ والارتباکِ زیادۃ فی التنکیل بھِمْ المشاکلۃ۔۔۔۔۔ اللہ یَسْتَھْزئُ بِھِم۔۔۔۔۔ فقد ثَبَت اَنَّ الْاِسْتِھزَاءَ ضرب من اللعب واللھو وھما لایلیقان باللہ تعالیٰ وَھُوَ مَنزَّۃٌ عَنْھُمَا، ولکنہ سُمِّیَ جزاءُ الاستھزاء استھزاءً ، فھِیَ مشاکلۃ لفظیۃ لا اَقَلَّ ولا اکثر تفسیر و تشریح وَاِذَا قِیْلَ لَھُمْ لَاتُفْسِدُوْا فِی الْاَرْضِ : (الآیۃ) فساد کا لفظ اردو کی بہ نسبت عربی زبان میں کہیں زیادہ وسعت رکھتا ہے اور ہر قسم کی برائیوں اور بدعنوانیوں کو حاوی ہے۔ اَلْفَسَاد خروج الشئ عَنِ الاعتدال وَیُضَادّہٗ الصلاح (راغب) کفر و معصیت سے زمین میں فساد بدامنی اور بےاطمینانی پھیلتی ہے اور اطاعت الہیٰ سے امن و اطمینان اور سکون ملتا ہے، ہر دور کے دین بیزار اور منافقوں کا یہی کردار رہا ہے کہ : پھیلاتے تو ہیں فساد اور دعویٰ کرتے ہیں ترقی اور اصلاح کا، اشاعت تو کرتے ہیں منکرات کی اور اظہار کرتے ہیں امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا، حدود الہیٰ کو پامال کرتے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں دین الہیٰ کی پاسبانی کا، گویا کہ شراب کی بوتل پر شربت کا لیبل لگاتے ہیں۔ مدینہ کے منافقوں کا بھی یہی حال تھا، جب کوئی ان سے یہ کہتا کہ اپنے نفاق کے ذریعہ زمین میں فساد نہ پھیلاؤ تو وہ بڑے زور دار انداز میں کہتے ہیں : ” اِنَّمَا نَحْنُ مُصْلِحُوْنَ “ یعنی فساد سے ہمارا دور کا بھی واسطہ نہیں ہمارا کام تو صرف اصلاح کرنا ہے قرآن ان کے دعوے کی بڑے بلیغ انداز میں بڑی تاکید کے ساتھ تردید کرتے ہوئے کہتا ہے : ” اَلَا اِنَّھُمْ ھُمُ الْمُفْسِدُوْنَ وَلَکِنْ لَّا یَشْعُرُوْنَ “ سنو ! یہ مفسد ہی ہیں، مگر ان کو مفسد ہونے کا احساس تک نہیں ہے، ان کی عقلیں اس حد تک مسخ ہوگئی ہیں کہ فساد کو اصلاح سمجھے ہوئے ہیں۔ وجہ اس کی یہ ہے کہ کچھ چیزیں تو ایسی ہیں کہ جن کو ہر شخص سمجھتا ہے کہ یہ فتنہ و فساد ہیں جیسے قتل، غارت گری، چوری، رہزنی، ظلم و زیادتی، اغواء اور فریب کاری وغیرہ ہر سمجھددار آدمی ان کو شر و فساد سمجھتا ہے اور ہر شریف آدمی ان سے بچنے کی کوشش کرتا ہے۔ اور کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو اپنی ظاہری سطح کے اعتبار سے کوئی فتنہ و فساد نہیں ہوتیں مگر ان کی وجہ سے انسان کے اخلاق برباد ہوجاتے ہیں اور انسان کی اخلاقی گراوٹ پر قسم کے فتنہ و فساد کے دروازے کھول دیتی ہے، ان منافقین کا بھی یہی حال تھا، کہ چوری ڈاکازنی، بدکاری وغیرہ سے بچتے اور ان کو معیوب سمجھتے تھے اسی لئے بڑی تاکید کے ساتھ اپنے مفسد ہونے کا انکار کرتے تھے۔ جب انسان اخلاقی گراوٹ کا شکار ہوجاتا ہے اور اپنی انسانیت کھو بیٹھتا ہے، تو پھر اس فساد کا علاج نہ حکومت اور محکموں سے ہوسکتا ہے اور نہ قانون سے اس لئے انسانیت کے محسن اعظم نبی کریم ﷺ نے اپنی تمام تر توجہ اس پر مرکوز فرمائی کہ : انسان کو صحیح معنی میں انسان بنادیں، تو پھر عالم کا فساد اور بگاڑ خودبخود ختم ہوجائے گا، نہ حفاظتی عملے کی زیادہ ضرورت رہے گی اور نہ عدالت کے اس پھیلاؤ کی اور جب تک دنیا کے جس حصہ میں آپ کی تعلیمات پر عمل ہوتا رہا، دنیا نے وہ امن سکون دیکھا کہ جس کی نظیر نہ کبھی پہلے دیکھی گئی اور نہ ان تعلیمات کو چھوڑنے کے بعد اس کی توقع۔ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کی روح اللہ تعالیٰ کا خوف اور روز قیامت کے حساب و کتاب کی فکر ہے، اس کے بغیر نہ کوئی قانون اور نہ کوئی دستور جرائم سے باز رکھتا ہے اور نہ کوئی مدرسہ اور نہ محکمہ، آج کی دنیا میں جن لوگوں کے ہاتھ میں اختیار کی باگ ڈور ہے، وہ جرائم کے انسداد کے لئے نئے سے نئے قانون اور انتظام تو سوچتے ہیں، مگر قانون اور انتظام کی روح یعنی خوف خدا سے نہ صرف غفلت برتتے ہیں، بلکہ ان کو فنا کرنے کے اسباب مہیا کرتے ہیں، جس کا لازمی نتیجہ یہی سامنے آتا ہے۔ ؎ مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی کھلے طور پر علی الاعلان فساد برپا کرنے والے چوروں اور غارتگروں کا علاج سہل ہے، مگر انسانیت فراموشوں بلکہ انسانیت فروشوں کا علاج نہایت مشکل ہے، اس لئے کہ ان کا فساد ہمیشہ برنگ اصلاح ہوت ا ہے، یہ لوگ کوئی دل چسپ اور دلفریب اسکیم بھی سامنے رکھ لیتے ہیں، اور بعض اغراض فاسدہ کو اصلاح کا رنگ دیگر ” اِنّما نحن مصلحون “ کا نعرہ لگاتے رہتے ہیں، جیسا کہ موجود دور میں انسداد دہشت گردی کا خوبصورت اور دلفریب اور دل نشین نعرہ لگا کر پوری دنیا کو آتش کدہ بنادیا ہے۔ منافقوں اور ریاکروں سے انجیل کا طرز خطان : تم پر افسوس ہے کہ تم سفیدی پھری قبروں کے مانند ہو، جو اوپر سے تو خوبصورت دکھائی دیتی ہیں، مگر اندر مردوں کی ہڈیاں اور ہر طرح کی نجاست بھری ہے (متیٰ 37: 43، ماجدی) جو منافقت برتتا ہے، وہ غضب (خداوندی) دنیا میں لاتا ہے، اس کی دعائیں قبول نہیں ہوتیں اور جو بچے ابھی رحم مادر میں ہیں وہ تک ان پر لعنت کرتے ہیں اور اس کی جگہ جہنم ہے۔ (ایوی مینس تالمود، ص : 107، ماجدی) اس سے یہ بات بھی معلوم ہوئی کہ قانون شریعت کے علاوہ کسی دین جاہلی پر قائم رہنا، اس کے طور طریقوں کی اشاعت کرنا فساد فی الارض کے مترادف ہے امن عالم اور نظام اقوام جب ہی قائم رہ سکتا ہے جب عمل قانون شریعت پر رہے، اس راہ سے انحراف بلکہ سر موتجاوز کرنا بھی دنیا کو بدنظمی، ابتری، بےحیائی، قتل و غارتگری، کشت و خون، ظلم تشدد، خیانت و بد عہدی اور ہر قسم کی طبقاتی کشمکش کو دعوت دینا ہے، چناچہ دنیا عملاً اس کا بارہا تجربہ کرچکی ہے اور اس وقت بھی کر رہی ہے۔
Top