Anwar-ul-Bayan - As-Saff : 12
یَغْفِرْ لَكُمْ ذُنُوْبَكُمْ وَ یُدْخِلْكُمْ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ وَ مَسٰكِنَ طَیِّبَةً فِیْ جَنّٰتِ عَدْنٍ١ؕ ذٰلِكَ الْفَوْزُ الْعَظِیْمُۙ
يَغْفِرْ لَكُمْ : بخش دے گا تمہارے لیے ذُنُوْبَكُمْ : تمہارے گناہوں کو وَيُدْخِلْكُمْ : اور داخل کرے گا تم کو جَنّٰتٍ : باغوں میں تَجْرِيْ : بہتی ہیں مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ : ان کے نیچے سے نہریں وَمَسٰكِنَ : اور گھروں (میں طَيِّبَةً : پاکیزہ فِيْ جَنّٰتِ عَدْنٍ : ہمیشگی کے باغوں میں ذٰلِكَ الْفَوْزُ : یہی ہے کامیابی الْعَظِيْمُ : بڑی
وہ تمہارے گناہ بخش دے گا اور تم کو باغہاے جنت میں جن میں نہریں بہہ رہی ہیں اور پاکیزہ مکانات میں جو بہشت ہائے جاودانی میں (تیار) ہیں داخل کرے گا یہ بڑی کامیابی ہے
(61:12) یغفرلکم ذنوبکم : جواب شرط ہے اور شرط محذوف ہے۔ کلام یوں ہوگا :۔ اذا فعلتم ذلک یغفرلکم ذنوبکم (الخازن) ۔ جب تم ایسا کرو گے تو (اللہ) تمہارے گناہ معاف کر دے گا۔ (تفسیر مظہری) یغفر مضارع مجزوم (بوجہ جواب شرط) واحد مذکر غائب ۔ وہ بخش دیگا۔ وہ معاف کر دیگا۔ ذنوبکم : مضاف مضاف الیہ۔ ذنوب جمع ذنب کی۔ تمہارے گناہ۔ ویدخلکم : واؤ عاطفہ۔ اس کا عطف یغفرلکم پر ہے مضارع مجزوم بوجہ جواب شرط ہے۔ اور تم کو داخل کرے گا۔ جنت منصوب بوجہ مفعول فیہ ہے ۔ جنتوں میں۔ باغات میں۔ تحتھا۔ مضاف مضاف الیہ۔ ھا ضمیر کا مرجع جنت ہے۔ تحت نیچے۔ یہ فوق کی ضد ہے اسم ظرف مکان۔ ان کے نیچے۔ مسکن طیبۃ : موصوف و صفت۔ عمدہ مکان۔ منصوب بوجہ معطوف ہونے جنت کے۔ مساکن جمع ہے مسکن کی ۔ بمعنی گھر۔ مکان ۔ منزلیں۔ سکون سے اسم ظرف مکان ہے۔ جنت عدن۔ مضاف مضاف الیہ۔ عدن کے باغات۔ عدن سات جنتوں میں ایک کا نام ہے۔ اسم علم ہے۔ بعض کے نزدیک یہ جنت کی صفت ہے ۔ اور جنت عدن موصوف صفت ہے یعنی دائمی طور پر بسنا۔ ایسے باغات میں جہاں دائمی طور پر ، سدا بسنا ہوگا۔ ذلک یعنی گناہوں کی مغفرت اور جنت میں داخلہ۔ الفوز العظیم۔ موصوف و صفت۔ بہت بڑی کامیابی۔
Top