Anwar-ul-Bayan - Al-Furqaan : 6
قُلْ اَنْزَلَهُ الَّذِیْ یَعْلَمُ السِّرَّ فِی السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ١ؕ اِنَّهٗ كَانَ غَفُوْرًا رَّحِیْمًا
قُلْ : فرما دیں اَنْزَلَهُ : اسکو نازل کیا ہے الَّذِيْ : وہ جو يَعْلَمُ : جانتا ہے السِّرَّ : راز فِي السَّمٰوٰتِ : آسمانوں میں وَالْاَرْضِ : اور زمین اِنَّهٗ كَانَ : بیشک وہ ہے غَفُوْرًا : بخشنے والا رَّحِيْمًا : نہایت مہربان
کہہ دو کہ اس نے اس کو اتارا ہے جو آسمانوں اور زمین کی پوشیدہ باتوں کو جانتا ہے بیشک وہ بخشنے والا مہربان ہے
(25:6) انزلہ میں ہ ضمیر واحد مذکر غائب کا مرجع القرآن ہے۔ السر۔ چھپی ہوئی بات۔ بھید ۔ راز۔ دل میں جو بات چھپی ہوئی ہو اسے سر کہتے ہیں۔ الاسرار کسی بات کا چھپانا ۔ یہ اعلان کی ضد ہے۔ چناچہ قرآن مجید میں ہے یعلم ما یسرون وما یعلنون (2: 77) جو کچھ وہ چھپاتے ہیں اور جو کچھ ظاہر کرتے ہیں۔ خدا کو (سب) معلوم ہے۔ (25:7) مال ھذا الرسول۔ اصل میں ما لھذا الرسول ہے۔ لام کو خط عربی کی عام وضع سے ہٹ کر ھذا سے الگ لکھا گیا ہے اس میں مشرکین کی طرف سے آپ حضور ﷺ کے بارے میں اہانت تصغیر شان اور رسول من اللہ ہونے میں تمسخر اور طنز کا اظہار ہے۔ جیسا کہ وہ کہتے ہوں دیکھو تو کیسا ہے یہ رسول (ہماری طرح کھاتا پیتا ہے اور بازاروں میں چلتا پھرتا ہے اور کہتا ہے کہ میں اللہ کا فرستادہ ہوں) ۔ قرآن مجید میں سورة الکہف میں ہے مال ھذا الکتب لا یغادر صغیرۃ ولا کبیرۃ (18:49) عجیب ہے یہ کتاب (نامہ اعمال) کہ اس نے نہ کوئی چھوٹا (گناہ) چھوڑا ہے اور نہ کوئی بڑا۔ اسواق۔ سوق کی جمع۔ بازار۔ لولا۔ کیوں نہیں۔ یہاں بطور حرف تخصیص (کسی کو فعل پر سختی سے ابھارنا یا اکسانا۔ اس وقت لولا کے بعد مضارع آنا چاہیے جیسے لولا تستغفرون اللہ (27:46) تم لوگ اللہ سے معافی کیوں نہیں مانگتے خواہ معنا جیسے لولا اخرتنی الی اجل قریب (63: 10) تو نے مجھے کچھ دن اور مہلت کیوں نہ دی۔ پہلی صورت میں تخصیص اس امر کی ہے کہ انہیں معافی مانگنی چاہیے اور دوسری صورت میں یہ کہ تو مجھے مہلت عطا کردیتا ) یہاں لولا کے بعد انزل معنا مضارع کے معنی میں آیا ہے لولا انزل الیہ ملک اس کے پاس کوئی فرشتہ کیوں نہیں بھیجا گیا۔ یعنی چاہیے تو یہ تھا کہ اس کے پاس کوئی فرشتہ بھیجا جاتا۔ فیکون۔ میںجواب تحضیض میں ہے۔ تاکہ وہ ہوتا (اس کے ساتھ ڈرانے والا) یکون کا نصب بھی لولا کے جواب کی وجہ سے ہے۔ اس کی مثال لولا اخرتنی الی اجل قریب فاصدق واکن من الصالحین۔ (63:10) تو نے مجھے اور کچھ دن مہلت کیوں نہ دی تاکہ میں خیر خیرات دے لیتا ۔ اور نیک کاروں میں شامل ہوجاتا ۔ نذیرا۔ صفت مشبہ منصوب۔ ڈرانے والا۔
Top