حضرت زبیربن عوام ؓ کی مرویات
ام عطاء وغیرہ کہتی ہیں کہ بخدا! ہمیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ گویا ہم اب بھی حضرت زبیر ؓ کو دیکھ رہے ہیں جبکہ وہ ہمارے پاس اپنے ایک سفید خچر پر سوار ہو کر آئے تھے اور فرمایا تھا کہ اے ام عطاء! نبی ﷺ نے مسلمانوں کو اس بات سے منع فرمایا ہے کہ وہ اپنی قربانی کے گوشت کو تین دن سے زیادہ کھائیں، میں نے کہا کہ میرے باپ آپ پر قربان ہوں، اگر ہمیں ہدیہ کے طور پر کہیں سے قربانی کا گوشت آجائے تو اس کا کیا کریں؟ انہوں نے فرمایا کہ ہدیہ کے طور پر جو چیز آجائے اس میں تمہیں اختیار ہے۔