حضرت محمد بن مسلمہ الانصاری ؓ
قبیصہ بن ذؤیب ؓ سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ حضرت صدیق اکبر ؓ کے پاس ایک دادی آئی اور وراثت میں اپنے حصے کے متعلق سوال کیا، حضرت صدیق اکبر ؓ نے صحابہ کرام ؓ سے پوچھا کیا آپ میں سے کسی نے نبی ﷺ کو دادی کی وراثت کے متعلق کچھ فرماتے ہوئے سنا ہے؟ تو حضرت مغیرہ بن شعبہ ؓ کھڑے ہوئے اور کہنے لگے کہ میں اس فیصلے میں موجود تھا، جب نبی ﷺ نے اس کے لئے چھٹے حصے کا فیصلہ فرمایا تھا، حضرت صدیق اکبر ؓ نے پوچھا کیا آپ کے ساتھ کسی اور نے بھی یہ فیصلہ سنا تھا، اس پر حضرت محمد بن مسلمہ ؓ کھڑے ہوگئے اور انہوں نے حضرت مغیرہ بن شعبہ ؓ کی تائید و تصدیق کی، چناچہ حضرت صدیق اکبر ؓ نے دادی کو وراثت میں چھٹا حصہ دینے کا حکم جاری کردیا۔