حضرت یعلی بن امیہ ؓ کی حدیثیں
صفوان بن یعلی ؓ سے مروی ہے کہ حضرت یعلی ؓ عنہ، سیدنا فاروق اعظم ؓ سے کہا کرتے تھے کہ کاش! میں نبی صلی اللہ علیہ کو نزول وحی کی کیفیت میں دیکھ پاتا، ایک مرتبہ وہ جعرانہ میں تھے، نبی ﷺ کے جسم اطہر پر ایک کپڑا تھا جس سے آپ ﷺ پر سایہ کیا گیا تھا اور آپ ﷺ کے ہمراہ کچھ صحابہ ؓ تھے جن میں حضرت عمر ؓ بھی شامل تھے۔ اسی دوران ایک آدمی آیا جس نے ایک جبہ پہن رکھا تا اور وہ خوشبو سے مہک رہا تھا، اس نے آکر پوچھا یا رسول اللہ! ﷺ اس شخص کے بارے آپ کی کیا رائے ہے جس نے اچھی طرح خوشبو لگانے کے بعد ایک جبہ میں عمرہ کا احرام باندھا؟ نبی ﷺ نے ایک لمحے کے لئے سوچا پھر خاموش ہوگئے اور نبی ﷺ پر وحی نازل ہونے لگی، حضرت عمر ؓ نے حضرت یعلی ؓ کو اشارہ سے بلایا، وہ آئے اور اپنا سر خیمے میں داخل کردیا، دیکھا کہ نبی ﷺ کا روئے انور سرخ ہو رہا ہے، کچھ دیر تک اسی طرح سانس کی آواز آتی رہی، پھر وہ کیفیت ختم ہوگئی اور نبی ﷺ نے فرمایا وہ شخص کہاں گیا جس نے ابھی مجھ سے عمرہ کے متعلق پوچھا تھا؟ اس آدمی کو تلاش کر کے لایا گیا اور نبی ﷺ نے فرمایا تم نے جو خوشبو لگا رکھی ہے، اسے تین مرتبہ دھو لو، جبہ اتار دو اور اپنے عمرے کے ارکان اسی طرح ادا کرو، جس طرح حج کے ارکان ادا کرتے ہو۔