حضرت عقبہ بن عامر جہنی ؓ کی مرویات
ہشام بن ابی رقیہ (رح) کہتے ہیں کہ ایک مرتبہ حضرت مسلمہ بن مخلد ؓ منبر پر بیٹھے خطبہ دے رہے تھے اور میں بھی سن رہا تھا، انہوں نے فرمایا لوگو! کیا ریشم سے عصب اور کتان تمہاری کفایت نہیں کرتے؟ یہ ایک صحابی ؓ تم میں موجود ہیں جو تمہیں نبی ﷺ کی حدیث بتائیں گے، عقبہ! کھڑے ہوجائیے، چناچہ حضرت عقبہ ؓ کھڑے ہوئے اور میں نے انہیں یہ کہتے ہوئے سنا کہ میں نے نبی ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ جو شخص میری طرف جھوٹی نسبت کر کے کوئی بات بیان کرے، وہ اپنے لئے جہنم میں ٹھکانہ بنالے اور میں گواہی دیتا ہوں کہ میں نے نبی ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے بھی سنا ہے کہ جو شخص دنیا میں ریشم پہنتا ہے اور آخرت میں اسے پہننے سے محروم رہے گا۔