حضرت امیر معاویہ ؓ کی مرویات
ابوشیخ ہنائی کہتے ہیں کہ میں حضرت امیر معاویہ ؓ کے پاس چند صحابہ کرام ؓ کی مجلس میں ایک مرتبہ بیٹھا ہوا تھا، حضرت معاویہ ؓ نے ان سے پوچھا کہ کیا آپ لوگ جانتے ہیں کہ نبی ﷺ نے چیتے کی کھال پر سواری سے منع فرمایا ہے؟ انہوں نے کہا جی ہاں! پھر پوچھا کیا آپ لوگ جانتے ہیں نبی ﷺ نے مردوں کو سونا پہننے منع فرمایا ہے الاّ یہ کہ معمولی سا ہو؟ انہوں نے کہا کہ جی ہاں! پھر پوچھا کیا آپ لوگ جانتے ہیں کہ نبی ﷺ نے سونے چاندی کے برتن میں پانی پینے سے منع فرمایا ہے؟ انہوں نے کہا کہ جی ہاں! پھر پوچھا کیا آپ لوگ جانتے ہیں کہ نبی ﷺ نے حج اور عمرے کو ایک سفر میں جمع کرنے سے منع فرمایا ہے؟ انہوں نے جواب دیا یہ بات ہم نہیں جانتے۔