حضرت ابوہریرہ ؓ کی مرویات
حضرت ابوہریرہ ؓ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کیا میں تمہیں انصار کے سب سے بہترین گھر کا پتہ نہ بتاؤں۔؟ لوگوں نے عرض کیا کیوں نہیں یا رسول اللہ! فرمایا عبد الاشہل کے لوگ ( جو حضرت سعد بن معاذ ؓ کا گروہ تھا) لوگوں نے پوچھا یا رسول اللہ ﷺ اس کے بعد کون لوگ ہیں؟ فرمایا بنی نجار لوگوں نے پوچھا یا رسول اللہ ﷺ اس کے بعد کون لوگ ہیں؟ فرمایا بنی حارث بن خزرج۔ لوگوں نے پوچھا یا رسول اللہ! اس کے بعد کون ہیں؟ فرمایا بنی ساعدہ لوگوں نے پوچھا یا رسول اللہ ﷺ اس کے بعد کون لوگ ہیں؟ فرمایا اس کے بعد انصار کے ہر گھر میں ہی خیر و برکت ہے۔ یہی روایت حضرت انس ؓ سے بھی مروی ہے البتہ اس میں بنی نجار پھر بنی عبدالاشہل کا ذکر ہے۔