حضرت عبداللہ بن عمر ؓ کی مرویات
حضرت ابن عمر ؓ مروی ہے کہ دو آدمی نبی کریم ﷺ کے پاس اپنا جھگڑا لے کر آئے نبی کریم ﷺ نے مدعی سے گواہوں کا تقاضا کیا، اس کے پاس گواہ نہیں تھے اس لئے نبی کریم ﷺ نے مدعی علیہ سے قسم کا مطالبہ کیا، اس نے یوں قسم کھائی کہ اس اللہ کی قسم جس کے علاوہ کوئی معبود نہیں نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ تم نے قسم کھالی لیکن تمہارے " لاالہ الا اللہ " کہنے میں اخلاص کی برکت سے تمہارے سارے گناہ معاف ہوگئے۔ گذشتہ حدیث حضرت ابن عمر ؓ سے مروی ہے البتہ اس میں یہ اضافہ ہے کہ حضرت جبرائیل (علیہ السلام) نے مجھے بتایا ہے کہ تم نے وہ کام تو کیا ہے لیکن " لاالہ الا اللہ " کہنے کی برکت سے تمہاری بخشش ہوگئی۔