نبی ﷺ کے عمرہ کی تعداد کے بیان میں
اسحاق بن ابراہیم، جریر، منصور، حضرت مجاہد ؓ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ میں اور حضرت عروہ بن زبیر ؓ مسجد میں داخل ہوئے تو دیکھا کہ حضرت ابن عمر ؓ حضرت عائشہ ؓ کے حجرہ مبارک سے ٹیک لگائے بیٹھے تھے اور لوگ مسجد میں چاشت کی نماز پڑھ رہے تھے تو ہم نے حضرت ابن عمر ؓ سے ان لوگوں کی نماز کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے فرمایا کہ یہ بدعت ہے پھر حضرت عروہ ؓ نے حضرت ابن عمر ؓ سے پوچھا کہ رسول اللہ ﷺ نے کتنے عمرے کئے ہیں؟ تو انہوں نے فرمایا کہ چار عمرے کئے اور ان میں سے ایک عمرہ آپ ﷺ نے رجب میں کیا تو ہم نے ناپسند سمجھا کہ ہم ان کو جھٹلائیں اور ان کی تردید کریں پھر ہم نے حضرت عائشہ ؓ کے حجرہ میں مسواک کرنے کی آواز سنی تو حضرت عروہ کہنے لگے اے ام المومنین! کیا آپ سن رہی ہیں کہ ابوعبدالرحمن کیا کہہ رہے ہیں؟ حضرت عائشہ ؓ نے فرمایا کہ وہ کیا کہتے ہیں؟ عروہ کہنے لگے کہ وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے چار عمرے کئے ہیں اور ان میں سے ایک عمرہ رجب میں کیا ہے حضرت عائشہ ؓ نے فرمایا اللہ ابوعبدالرحمن پر رحم فرمائے کہ رسول اللہ ﷺ نے کوئی عمرہ نہیں کیا سوائے اس کے کہ وہ ان کے ساتھ تھیں اور آپ ﷺ نے رجب میں کوئی عمرہ نہیں کیا۔