مشکوٰۃ المصابیح - آنحضرت کی بعثت اور نزول وحی کا بیان - حدیث نمبر 5767
وعن ابن عباس قال : لما نزلت [ وأنذر عشيرتك الأقربين ] خرج النبي صلى الله عليه و سلم حتى صعد الصفا فجعل ينادي : يا بني فهر يا بني عدي لبطون قريش حتى اجتمعوا فجعل الرجل إذا لم يستطع أن يخرج أرسل رسولا لينظر ما هو فجاء أبو لهب وقريش فقال : أرأيتم إن أخبرتكم أن خيلا تخرج من سفح هذا الجبل - وفي رواية : أن خيلا تخرج بالوادي تريد أن تغير عليكم - أكنتم مصدقي ؟ قالوا : نعم ما جربنا عليك إلا صدقا . قال : فإني نذير لكم بين يدي عذاب شديد . قال أبو لهب : تبا لك ألهذا جمعتنا ؟ فنزلت : [ تبت يدا أبي لهب وتب ] متفق عليه
خدا کے دین کے پہلی دعوت :
اور حضرت ابن عباس ؓ کہتے ہیں کہ جب یہ آیت (وَاَنْذِرْ عَشِيْرَتَكَ الْاَقْرَبِيْنَ ) 26۔ الشعراء 214)۔ نازل ہوئی تو نبی کریم ﷺ (اس حکم کی تعمیل کے لئے فورًا) نکل پڑے اور کوہ صفا پر چڑھ گئے (قریش کے قبائل کو) پکارنا شروع کیا اے فہر کی اولاد! اے عدی کی اولاد اس طرح آپ ﷺ نے یہاں تک تمام شاخوں کو نام بنام پکارا۔ چناچہ (آپ ﷺ کی اس آواز پر) قریش کے تمام قبائل اور گروہ (آپ ﷺ کے گرد) جمع ہوگئے یہاں تک کہ جو شخص (کسی عذر اور مجبوری کے سبب) خود اس جگہ نہ پہنچ سکا تو اس نے (یہ) معلوم کرنے کے لئے (کہ محمد ﷺ نے کیوں سب کو بلایا ہے) کسی کو اپنا نمائندہ بنا کر بھیج دیا۔ غرضیکہ جب سب اہل قریش اور (آنحضرت ﷺ کا چچا) ابولہب آگئے تو آپ ﷺ نے ان کو مخاطب کرکے فرمایا کہ اگر میں تمہیں یہ خبردوں کہ (جنگجو) سواروں کا ایک روایت کے الفاظ یہ ہیں کہ سواروں کا ایک دستہ (مکہ کے) جنگل سے نمودار ہوا ہے اور اس کا مقصد قتل و غارت گری کے لئے (دن یا رات کے کسی حصہ میں) تم لوگوں پر اچانک ٹوٹ پڑنا ہے تو بتاؤ کہ کیا تم لوگ میری اس بات کو سچ مانو گے۔ سب نے یک زبان ہو کر کہا کہ ہاں (ضرور سچ مانیں گے) کیونکہ ہم نے تمہیں ہمیشہ سچا پایا ہے۔ تب آپ ﷺ نے فرمایا (سنو) میں تم لوگوں کو اس سخت عذاب سے ڈراتا ہوں جو (دنیا یا آخرت میں) تمہارے سامنے پیش (آنے والا ہے )۔ (یہ سننا تھا کہ) ابولہب (بھبک اٹھا اور) کہنے لگا ہلاکت اور نقصان میں پڑو تم، کیا تم نے ہمیں اس لئے جمع کیا تھا؟ اس پر یہ آیت نازل ہوئی تبت یدا ابی لہب وتب (ہلاک ہوجائے ابولہب اور وہ ہلاک ہوگیا )۔ ( بخاری ومسلم)

تشریح
تبت یدا ابی لہب میں یدا کا لفظ (جس کے معنی دونوں ہاتھ کے ہیں) زائد ہے، یا اس کے دونوں ہاتھوں سے مراد اس کا پورا وجود ہے اور چونکہ تمام اعضاء انسانی میں ہاتھ ہی ایسا عضو ہے جس سے انسان اپنے تمام خارجی کام کرتا ہے اور اس کا بیشتر انحصار ہاتھوں ہی میں ہوتا ہے، اس اعتبار سے ہاتھ بول کر پورا وجود مراد لیا جاتا ہے جیسا کہ ایک اور موقع پر اللہ تعالیٰ نے فرمایا ذلک بما قدمت یداک نیز بعض روایتوں میں یہ آیا ہے کہ اس موقع پر ابولہب کے دونوں ہاتھوں میں پتھر تھے اور جب اس نے آنحضرت ﷺ کی زبان سے مذکورہ الفاظ سنے تو انتہائی غصہ کی حالت میں وہ پتھر آنحضرت ﷺ کی طرف پھینکے۔ اس صورت میں ترجمہ یہ ہوگا ابولہب کے ہاتھ ٹوٹ جائیں اور وہ برباد ہوجائے۔
Top