مشکوٰۃ المصابیح - آنحضرت کی بعثت اور نزول وحی کا بیان - حدیث نمبر 5759
عن ابن عباس قال : بعث رسول الله صلى الله عليه و سلم لأربعين سنة فمكث بمكة ثلاث عشرة سنة يوحى إليه ثم أمر بالهجرة فهاجر عشر سنين ومات وهو ابن ثلاث وستين سنة . متفق عليه
آنحضرت ﷺ کو چالیس سال کی عمر میں خلعت نبوت سے سرفراز کیا گیا ،
حضرت ابن عباس ؓ کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ کو چالیس سال کی عمر میں منصب رسالت ونبوت پر فائز کیا گیا، اس کے بعد آپ ﷺ تیرہ سال مکہ میں رہے اور پھر آپ ﷺ کو ہجرت کا حکم دیا گیا چناچہ آپ ﷺ نے (مکہ سے) ہجرت فرمائی اور دس سال مدینہ میں رہے جب آپ کی وفات ہوئی تو عمر مبارک تریسٹھ سال کی تھی۔ (بخاری ومسلم)

تشریح
آپ ﷺ کی عمر مبارک کے بارے میں مختلف روایتیں منقول ہیں لیکن زیادہ صحیح یہی روایت ہے کہ تریسٹھ سال کی عمر میں دنیا سے تشریف لے گئے۔ اور حضرت ابن عباس ؓ ہی کی اپنی روایت میں پنیسٹھ سال کی عمر میں وفات کا ذکر ہے اور حضرت انس ؓ کی روایت میں جو آگے آئے گی اس میں ساٹھ سال کی عمر میں وفات کا ذکر ہے۔ بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ حضرت ابن عباس ؓ نے اگلی روایت میں سن ولادت اور سن وفات کو بھی پورا پوراسال شمار کر کیا اور ان دوسالوں کو ملا کر کل ٦٥ سال بیان کی جب کہ حضرت انس ؓ نے تریسٹھ میں سے کسر یعنی تین کو حذف کرکے ساٹھ سال کا ذکر کیا۔
Top