مشکوٰۃ المصابیح - آنحضرت کے اخلاق وعادات کا بیان - حدیث نمبر 5741
وعنها قالت : ما ضرب رسول الله صلى الله عليه و سلم لنفسه شيئا قط بيده ولا امرأة ولا خادما إلا أن يجاهد في سبيل الله وما نيل منه شيء قط فينتقم من صاحبه إلا أن ينتهك شيء من محارم الله فينتقم لله . رواه مسلم
آنحضرت ﷺ نے کبھی کسی کو نہیں مارا :
اور حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کہتی ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے کبھی کسی چیز (یعنی آدمی) کو اپنے ہاتھ سے نہیں مارا، عورت اور خادم کو بھی نہیں، علاوہ اس صورت کے جب آپ ﷺ اللہ کی راہ میں جہاد کرتے تھے اور کبھی ایسا نہیں ہوا کہ (کسی شخص کی طرف سے) آپ ﷺ کو کوئی اذیت و تکلیف پہنچی ہو اور آپ ﷺ نے اذیت و تکلیف پہنچانے والے سے انتقام لیا ہو ہاں اگر اللہ کی حرام کی ہوئی کسی چیز کا ارتکاب کیا جاتا تو آپ اللہ (کے حکم کی تعمیل) کے لئے اس کو سزا دیتے تھے۔ (مسلم)

تشریح
ترجمہ میں بین القوسین آدمی کی قید اس لئے لگائی گئی ہے کہ بعض موقعوں پر سواری کے جانور کو مارنا منقول ہے۔ خادم کا اطلاق مرد و عورت دونوں صنف کے خادم پر ہوتا ہے! نیز اس ارشاد گرامی میں خادم اور عورت کا ذکر خصوصیت کے ساتھ اس لئے کیا گیا ہے کہ عام طور پر ان دونوں کو کمزور جان کر زیادہ مارا اور ستایا جاتا ہے اور چونکہ مرد کا زندگی میں انہیں دونوں سے زیادہ واسطہ پڑتا ہے، نجی اور خانگی معاملات کا پیشتر انحصار انہی پر ہوتا ہے اور اسی وجہ سے ان کی طرف سے غصہ اور ناراضگی کے مواقع زیادہ آتے رہتے ہے، اس لئے ان دونوں کو خاص طور پر ذکر کے اس طرف اشارہ فرمایا گیا کہ اس باب ان دونوں کو غیر اہم نہ جانا جائے ایسا نہیں ہے کہ ان دونوں کی کمزوری اور لاچاری کا فائدہ اٹھا کر ان کے ساتھ کوئی بھی سلوک روا رکھا جاسکتا ہے اور ذرا ذرا سی بات پر ان کو مارا پیٹا جاسکتا ہے اگرچہ بعض حالات میں اور کچھ شرائط کے ساتھ ان کو تھوڑا بہت مار دینا جائز ہے لیکن ان حالات میں مارنے سے اجتناب کرنا بھی اولی قرار پاتا ہے اس پر اولاد کو مارنے کے مسئلہ کو قیاس نہ کرنا چاہے کیونکہ ان کی تادیب سب سے مقدم ہے اور اس سلسلہ میں اسی رو رعایت کی گنجائش نہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ اولاد کو مارنا اس کی اصلاح کے لئے ہوتا ہے جب کہ ان دونوں کو مارنے کا تعلق زیادہ تر نفس کے غلط تقاضے سے ہوتا ہے صحیح تریبت اور تادیب کے پیش نظر اولاد کی غلطی پر اس کو مارنا اولی ہے اور نفس کے تقاضے اور غصہ پر قابو رکھنے کے لئے ان دونوں (خادم اور عورتوں) کے تئیں عفو و درگذر کا معاملہ اولی قرار پایا۔ علاوہ اس صورت کے جب آپ ﷺ اللہ کی راہ میں جہاد کرتے تھے۔ خدا کی راہ میں جہاد اللہ کے دشمنوں سے ہوتا ہے، اس لئے اس وقت آنحضرت ﷺ کسی کے ساتھ عفو و درگذر کا معاملہ نہیں کرتے تھے۔ چناچہ غزوہ احد میں ایک دشمن اللہ ابی ابن خلف کو آپ ﷺ نے اپنے ہاتھوں سے قتل کیا۔ نیز یہاں اللہ کی راہ میں جہاد کا اطلاق صرف اللہ کے دشمنوں کو مارنے ہی پر نہیں بلکہ حدودوتعزیرات (شرعی ودینی سزاؤں کے نفاذ) صورتیں بھی مراد ہیں۔
Top