مشکوٰۃ المصابیح - سیدالمرسلین کے فضائل ومناقب کا بیان - حدیث نمبر 5663
سیدالمرسلین ﷺ کے فضائل ومناقب کا بیان :
آنحضرت ﷺ کے فضائل ومناقب اور آپ ﷺ کی ذات ستودہ صفات کے اوصاف حمیدہ اور فضائل کبری کا کوئی شمار نہیں، کسی زبان وقلم کو تاب نہیں کہ آپ ﷺ کے تمام فضائل اور اصاف کا احاطہ کرسکے، تاہم مولف مشکوٰۃ نے ان میں سے کچھ فضائل کے متعلق احادیث و روایات کو اس باب کے تحت جمع کیا ہے۔ اس بات پر تمام علماء کا اتفاق ہے کہ آنحضرت ﷺ تمام اولاد آدم کے سردار ہیں، انبیاء میں سب سے افضل و اشرف آپ ﷺ ہی ہیں، آپ ﷺ کے بعد حضرت ابراہیم خلیل اللہ (علیہ السلام) افضل ہیں، پھر حضرت موسیٰ کلیم اللہ (علیہ السلام)۔ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے بعد کس کا درجہ ہم اس بارے میں صراحت کے ساتھ علماء سے منقول نہیں ہے، ویسے بعض علماء نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے بعد حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) کو اور ان کے بعد حضرت نوح (علیہ السلام) کو افضل و اشرف کہا ہے اور لکھا ہے کہ انبیاء (علیہ السلام) کی طویل فہرست میں یہ پانچ نبی اولو العزم سمجھے جاتے ہیں اور راہ حق میں ان کے صبر و استقامت اور عزیمیت کا درجہ بےمثال ہے۔
Top