مشکوٰۃ المصابیح - دوزخ اور دوزخیوں کا بیان - حدیث نمبر 5588
وعن أنس عن النبي صلى الله عليه و سلم قال : يا أيها الناس ابكوا فإن لم تستطيعوا فتباكوا فإن أهل النار يبكون في النار حتى تسيل دموعهم في وجوههم كأنها جداول حتى تنقطع الدموع فتسيل الدماء فتقرح العيون فلو أن سفنا أزجيت فيها لجرت . رواه في شرح السنة
دوزخی خون کے آنسو روئیں گے
اور حضرت انس ؓ نبی کریم ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ آپ ﷺ نے فرمایا (اے لوگو خدا کے خوف سے روؤ اور رونا چونکہ اختیاری چیز نہیں ہے اس لئے اگر تمہیں رونا نہ آئے تو بہ تکلف روؤ (یعنی ان احوال کا تصور کرو جو خوف الٰہی سے رلا دے اور رقت طاری کردے) حقیقت یہ ہے کہ دوزخی جہنم میں روئیں گے اور ان کے آنسو خون بن کر ان کے رخساروں پر اس طرح بہیں گے گویا وہ نالیاں ہیں اور جب ان کے آنسو ختم ہوجائیں گے تو خون بہنا شروع ہوجائے گا اور آنکھیں لہو لہان ہوجائیں گی ان کی آنکھوں سے بہنے والے خون اور آنسو کی زیادتی اس درجہ کی ہوگی کہ اگر ان کے آنسوؤں کے بہاؤ میں کشتیاں چھوڑ دی جائیں تو یقینًا وہ چلنے لگیں اس روایت کو بغوی نے اپنے اسناد کے ساتھ شرح السنۃ میں نقل کیا ہے۔
Top