مشکوٰۃ المصابیح - حوض اور شفاعت کا بیان - حدیث نمبر 5498
وعن أبي هريرة قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : لا يدخل أحد الجنة إلا أري مقعده من النار لو أساء ليزداد شكرا ولا يدخل النار أحد إلا أري مقعده من الجنة لو أحسن ليكون عليه حسرة . رواه البخاري
ہر بندہ کے لئے جنت ودوزخ میں جگہیں مخصوص ہیں
اور حضرت ابوہریرہ ؓ کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا! کوئی بھی شخص ( کہ جنت کا مستحق قرارپاچکا ہوگا) اس وقت تک جنت میں داخل نہیں کیا جائے گا جب تک اس کو دوزخ میں وہ جگہ نہ دکھا دی جائے گی جو اس کا ٹھکانا ہوتا، اگر وہ برے کام کرتا ( یعنی اس کو وہ جگہ دکھا کر بتایا جائے گا کہ اگر تم دنیا میں برے کام کرتے تو دوزخ میں اس جگہ تمہارا ٹھکانا ہوتا) اور یہ اس لئے ہوگا تاکہ وہ دنیا میں برے کام سے بچنے کی توفیق ملنے اور دوزخ میں جانے کے بجائے جنت میں داخل کئے جانے پر) زیادہ سے زیادہ شکر ادا کرسکے اور کوئی بھی شخص ( کہ جو عذاب دوزخ کا مستوجب قرار دیا جا چکا ہوگا) اس وقت تک دوزخ میں نہیں ڈالا جائے گا جب تک کہ اس کو جنت میں وہ جگہ نہ دکھاوی جائے گی جو اس کے لئے مخصوص تھی اگر وہ نیک کام کرتا ( یعنی اس کو وہ جگہ دکھا کر بتایا جائے گا کہ اگر تم دنیا میں برائی کے راستے پر نہ لگے رہتے اور نیک کام کرتے تو جنت میں تمہیں یہ مقام عطا ہوتا) اور یہ اس لئے ہوگا تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ حسرت و ندامت میں مبتلا رہے۔ (بخاری)
Top