مشکوٰۃ المصابیح - قیامت سے پہلے ظاہر ہونے والی نشانیاں اور دجال کا ذکر - حدیث نمبر 5387
وعن أبي هريرة عن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال يأتي المسيح من قبل المشرق همته المدينة حتى ينزل دبر أحد ثم تصرف الملائكة وجهه قبل الشام وهنالك يهلك . متفق عليه .
دجال مدینہ میں داخل نہیں ہوگا
اور حضرت ابوہریرہ ؓ رسول کریم ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ آپ ﷺ نے فرمایا مسیح دجال مدینہ منورہ میں داخل ہونے کے ارادہ سے مشرق کی طرف سے آئے گا یہاں تک کہ وہ احد پہاڑ کے پیچھے ( جو مدینہ منورہ سے تین میل کے فاصلہ پر ہے) آکر رکے گا، پھر ( مذکورہ شخص کے واقعہ کے بعد) فرشتے اس کا منہ شام کے علاقہ کی طرف پھیر دیں گے تاکہ جہاں سے آیا ہے وہیں چلا جائے) اور وہ دجال وہاں ( یعنی شام میں) ہلاک کردیا جائے گا ( جیسا کہ پیچھے گزرا کہ حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) دجال کو شام کے ایک گاؤں باب لد میں قتل کریں گے۔ (بخاری ومسلم )

تشریح
فرشتے اس کا منہ شام کے علاقہ کی طرف پھیر دیں گے یہ بات دجال کو جھوٹا ثابت کرنے کے لئے ایک بڑی دلیل بنے گی اور اس کے عجزونقصان کی علامت ہوگی کہ وہ اپنی اتنی زبردست طاقت وقدرت کے دعوے کے باوجود اس شہر مقدس میں داخل ہونے پر قادر نہیں ہو سکے گا جس میں سید الوری آرام فرما ہیں اس سے یہ بہی ظاہر ہوا کہ دجال جب مدینہ منورہ میں داخل نہیں ہو سکے گا تو حرم پاک مکہ مکرمہ میں بدرجہ اولی داخل نہیں ہو پائے گا۔
Top