مشکوٰۃ المصابیح - قیامت کی علامتوں کا بیان - حدیث نمبر 5343
وعن جابر بن سمرة قال سمعت رسول النبي صلى الله عليه وسلم يقول إن بين يدي الساعة كذابين فاحذروهم . رواه مسلم .
قیامت کی ایک خاص علامت
اور حضرت جابر ؓ کہتے ہیں کہ میں نے رسول کریم ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا۔ قیامت کے آنے سے پہلے جھوٹوں کی پیدائش بڑھ جائے گی لہٰذا ان سے بچتے رہنا۔ (مسلم )

تشریح
جھوٹوں سے مراد یا تو وہ لوگ ہیں جو جھوٹی حدیثیں گھڑیں گے، یا وہ لوگ مراد ہیں جو نبوت کا جھوٹا دعوی کریں گے اور زیادہ تر وہ لوگ مراد ہیں جو بدعتیں رائج کریں گے اپنے غلط سلط عقائد و خیالات اور اپنی جھوٹی اغراض و خواہشات کو صحیح اور جائز ثابت کرنے کے لئے ان کی نسبت صحابہ کرام اور اگلے بزرگوں کی طرف کریں گے۔ ابن مالک (رح) نے شرح مشارق میں لکھا ہے فاحذروہم کا جملہ صحیح مسلم میں مذکور نہیں ہے البتہ اس کے علاوہ دوسری روایتوں میں یہ جملہ یقینًا موجود ہے، بلکہ بعض حضرات نے یہ کہا ہے کہ یہ جملہ اصل حدیث یعنی حضور ﷺ کے ارشاد گرامی کا جزء نہیں ہے بلکہ حضرت جابر ؓ کا اپنا قول ہے! نیز جامع میں یہ روایت بعینہ اس طرح منقول ہے جس طرح یہاں مشکوۃ میں نقل کی گئی ہے اور صاحب جامع نے کہا ہے کہ اس روایت کو امام محمد اور امام مسلم نے حضرت جابر ابن سمرہ ؓ سے نقل کیا ہے۔
Top