مشکوٰۃ المصابیح - جن چیزوں سے محرم کو بچناچاہئے ان کا بیان - حدیث نمبر 2740
وعن أبي رافع قال : تزوج رسول الله صلى الله عليه و سلم ميمونة وهو حلال وبنى بها وهو حلال وكنت أنا الرسول بينهما . رواه أحمد والترمذي وقال : هذا حديث حسن
حضرت میمونہ سے آپ ﷺ کا نکاح
حضرت ابورافع ؓ کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے جب حضرت میمونہ ؓ سے نکاح کیا تو آپ ﷺ حالت احرام میں نہیں تھے اور جب ان کے ساتھ شب زفاف گزاری تب بھی حالت احرام میں نہیں تھے۔ نیز ان دونوں کے درمیان نکاح کا پیغام لے جانے والا میں تھا۔ (احمد، ترمذی) امام ترمذی نے فرمایا ہے کہ یہ حدیث حسن ہے۔

تشریح
یہ حدیث بھی حضرت ابن عباس ؓ کی اس روایت کے برخلاف ہے جس میں منقول ہے کہ آنحضرت ﷺ نے حضرت میمونہ ؓ سے نکاح اس وقت کیا تھا جب کہ آپ ﷺ حالت احرام میں تھے، اس بارے میں حدیث نمبر چھ کی تشریح میں بحث کی گئی تھی، اس موقع پر بھی یہ جان لیجئے کہ حضرت ابن عباس ؓ کی روایت کو بخاری اور مسلم نے نقل کیا ہے جب کہ اس روایت کو ان دونون میں سے کسی نے بھی نقل نہیں کیا ہے، اس بنیاد پر یہ روایت چونکہ حضرت ابن عباس ؓ کی روایت کے مرتبہ کو نہیں پہنچتی اس لئے ترجیح حضرت ابن عباس ؓ ہی کی روایت کو حاصل ہوگی۔
Top