مشکوٰۃ المصابیح - جن چیزوں سے محرم کو بچناچاہئے ان کا بیان - حدیث نمبر 2724
وعن ابن عباس قال : سمعت رسول الله صلى الله عليه و سلم يخطب وهو يقول : إذا لم يجد المحرم نعلين لبس خفين وإذا لم يجد إزارا لبس سراويل
وہ چیزیں جو محرم کو پہننا ممنوع ہیں
حضرت ابن عباس ؓ کہتے ہیں کہ میں نے رسول کریم ﷺ کو خطبہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا ہے، نیز آپ ﷺ فرماتے تھے کہ اگر محرم کو جوتے میسر نہ ہوں تو وہ موزے پہن سکتا ہے اور جس محرم کے پاس تہہ بند نہ ہو تو وہ پائجامہ پہن سکتا ہے۔ (بخاری مسلم)

تشریح
موزوں کے استعمال کے بارے میں تو گزشتہ حدیث میں بتایا جا چکا ہے کہ جوتے میسر نہ ہوں تو محرم موزے پہن سکتا ہے۔ اس صورت میں امام شافعی کے نزدیک اس پر کوئی فدیہ واجب نہیں ہوگا۔ لیکن حضرت امام اعظم کا مسلک اس بارے میں یہ ہے کہ اگر تہہ بند نہ ہو تو پائجامہ کو پھاڑ کر اسے تہ بند کی صورت میں باندھ لیا جائے اور اگر کوئی شخص اسے پھاڑ کر استعمال نہ کرے بلکہ پائجامہ ہی پہن لے تو اس پر دم یعنی جانور ذبح کرنا واجب ہوگا۔
Top