مشکوٰۃ المصابیح - مختلف اوقات کی دعاؤں کا بیان - حدیث نمبر 2473
وعن أبي مالك الأشعري قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : إذا ولج الرجل بيته فليقل : اللهم إني أسألك خير المولج وخير المخرج بسم الله ولجنا وعلى الله ربنا توكلنا ثم ليسلم على أهله . رواه أبو داود
گھر میں داخل ہونے کے وقت کی دعا
حضرت ابومالک اشعری ؓ کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا جب کوئی شخص اپنے گھر میں داخل ہو تو اسے چاہئے کہ وہ یہ دعا پڑھے۔ (اللہم انی اسئلک خیر المولج وخیر المخرج بسم اللہ ولجنا وعلی اللہ ربنا توکلنا)۔ اے اللہ! میں تجھ سے گھر میں داخل ہونے اور گھر سے باہر نکلنے کی بھلائی مانگتا ہوں (یعنی گھر میں آنا اور گھر سے نکلنا خیر و برکت کے ساتھ ہو)۔ اللہ کے نام سے ہم گھر میں داخل ہوئے اور ہم نے اللہ پر کہ وہ ہمارا رب ہے بھروسہ کیا) اس کے بعد اسے چاہئے کہ وہ اپنے گھر والوں کو سلام کرے۔ (ابوداؤد)

تشریح
حصن حصین میں یہ دعا ابوداؤد ہی سے نقل کی گئی ہے اس میں بسم اللہ ولجنا کے بعد بسم اللہ خرجنا۔ اللہ کے نام سے ہم گھر سے نکلے۔ بھی ہے چناچہ اصل ابوداؤد کو دیکھنے کے بعد معلوم ہوا کہ اس میں بھی یہ جملہ موجود ہے اس لئے ہوسکتا ہے کہ یا تو خود مؤلف مشکوۃ علیہ الرحمہ اس جملہ کو لکھنا بھول گئے ہوں یا پھر کاتب کی غلطی سے یہ جملہ نقل ہونے سے رہ گیا ہو، بہرکیف اس دعا کو پڑھتے وقت اس جملہ کو بھی پڑھنا چاہئے۔ علماء نے لکھا ہے کہ اپنے گھر میں داخل ہونے اور یہ دعا پڑھنے کے بعد اپنے گھر والوں کو تو سلام کرنا ہی چاہئے جیسا کہ حدیث نے وضاحت کے ساتھ بتایا ہے لیکن اگر گھر میں کوئی موجود نہ ہو تب بھی بہ نیت ملائکہ سلام کرلینا چاہئے کیونکہ وہاں ملائکہ تو بہر صورت ہوتے ہی ہیں اور اس صورت میں اس طرح سلام کرنا چاہئے۔ السلام علی عباد اللہ الصالحین۔
Top