مشکوٰۃ المصابیح - مختلف اوقات کی دعاؤں کا بیان - حدیث نمبر 2468
وعن ابن عمر قال : كان رسول الله صلى الله عليه و سلم إذا سافر فأقبل الليل قال : يا أرض ربي وربك الله أعوذ بالله من شرك وشر ما فيك وشر ما خلق فيك وشر ما يدب عليك وأعوذ بالله من أسد وأسود ومن الحية والعقرب ومن شر ساكن البلد ومن والد وما ولد . رواه أبو داود
سفر میں رات کے وقت آپ ﷺ کی دعا
حضرت ابن عمر ؓ کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ جب سفر کرتے اور رات آتی تو آپ ﷺ یہ فرماتے اے زمین میرا اور تیرا پروردگار اللہ ہے میں اللہ کی پناہ مانگتا ہوں تیری ذات کی برائی سے مثلاً خسف وغیرہ سے اور اس چیز کی برائی سے جو تیرے اندر ہے جیسے پانی یا تجھ سے پیدا ہونے والی ایسی بوٹی وغیرہ جو کسی کو ہلاک کر دے اور اس چیز کی برائی سے جو تجھ میں پیدا کی گئی ہے جیسے زہریلے جانور اور ہلاک کردینے والی چیزیں اور ان چیزوں کی برائی سے جو تجھ پر چلتی پھرتی ہیں جیسے حشرات الارض اور حیوانات جو ضرر پہنچاتے ہیں اور اللہ کی پناہ مانگتا ہوں شیر سے، کالے سانپ سے دوسرے قسم کے سانپوں سے اور بچھو سے اور آبادی میں رہنے والوں کی برائی سے (بعض حضرات کہتے ہیں ان سے مراد جنات ہیں جو ہر آبادی اور ہر زمین میں رہتے ہیں) اور جننے والے کی برائی سے اور اس چیز کی برائی سے کہ جنا گیا یعنی ابلیس لعین اور اس کی اولاد کی شر سے یا ہر جننے والے اور اس کی اولاد کی شر سے پناہ مانگتا ہوں۔ ( ابوداؤد )
Top