مشکوٰۃ المصابیح - صبح وشام اور سوتے وقت پڑھی جانے والی دعاؤں کا بیان - حدیث نمبر 2430
وعن حذيفة أن النبي صلى الله عليه و سلم كان إذا أراد أن ينام وضع يده تحت رأسه ثم قال : اللهم قني عذابك يوم تجمع عبادك أو تبعث عبادك . رواه الترمذي
صبح وشام کی دعا
حضرت حذیفہ ؓ کہتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ جب سونے کا ارادہ فرماتے (یعنی سونے کے لئے لیٹتے تو اپنا ہاتھ اپنے سر کے نیچے رکھتے اور یہ دعا پڑھتے۔ (اللہم قنی عذابک یوم تجمع عبادک) اور تبعث عبادک۔ اے اللہ مجھے اس دن کے عذاب سے بچائیے جس دن تو اپنے بندوں کو جمع کرے گا یا جب تو اپنے بندوں کو اٹھائے گا (یعنی قیامت کے دن) یعنی راوی کو شک ہے کہ آپ ﷺ نے تجمع عبادک کہا یا اس کی بجائے تبعث عبادک کہا۔ (ترمذی، امام احمد نے اس روایت کو براء سے نقل کیا ہے۔

تشریح
اس روایت میں تو یہ ہے کہ آپ ﷺ دست مبارک سر کے نیچے رکھتے تھے جب کہ ایک اور روایت میں منقول ہے کہ ر خسارہ مبارک کے نیچے رکھتے تھے لہٰذا ان دونوں روایتوں میں یوں مطابقت پیدا کی جائے کہ آپ ﷺ اپنے ہاتھ کبھی تو سر کے نیچے رکھتے ہوں گے اور کبھی رخسار مبارک کے نیچے جس راوی نے جو دیکھا اس کو روایت کردیا یا یہ کہ ہاتھ کا کچھ حصہ تو سر کے نیچے ہوتا ہوگا اور کچھ حصہ ر خسارہ کے نیچے لہٰذ جس راوی نے ہاتھ کا کچھ حصہ سر کے نیچے دیکھا اس نے یہ بیان کیا کہ آپ ﷺ اپنے ہاتھ سر کے نیچے رکھتے تھے اور جس راوی نے ہاتھ کا کچھ حصہ ر خسارہ کے نیچے دیکا اس نے ر خسارہ کے نیچے رکھنے کو ذکر کیا۔
Top